Get Alerts

پنجاب کے 24 اضلاع میں یومِ عاشور پر موبائل سروس محدود، سیکیورٹی اقدامات سخت

پنجاب کے 24 اضلاع میں یومِ عاشور پر موبائل سروس محدود، سیکیورٹی اقدامات سخت

لاہور : یومِ عاشور کے موقع پر صوبہ پنجاب کے مختلف اضلاع میں سیکیورٹی وجوہات کے پیش نظر موبائل فون سروس جزوی طور پر بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

وفاقی وزارتِ داخلہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق یہ پابندی رات 10 بجے تک مؤثر رہے گی، تاہم سروس مکمل طور پر معطل نہیں ہوگی بلکہ صرف ان علاقوں تک محدود رہے گی جہاں جلوس اور مجالس کا انعقاد ہو رہا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ یہ اقدام محکمہ داخلہ پنجاب کی سفارش پر کیا گیا ہے تاکہ مذہبی اجتماعات کے دوران امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھا جا سکے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے کے امکانات کو کم کیا جا سکے۔

نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ لاہور سمیت دیگر بعض اضلاع میں موبائل فون سروس معمول کے مطابق جاری رہے گی۔

متاثرہ اضلاع میں راولپنڈی، سرگودھا، حافظ آباد، گجرات، نارووال، فیصل آباد، ملتان، ساہیوال اور رحیم یار خان سمیت 24 اضلاع شامل ہیں، جہاں حساس مقامات پر سروس محدود رہے گی۔

انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ حکومتی ہدایات پر عمل کریں اور سیکیورٹی اداروں سے تعاون جاری رکھیں۔
 
 
 

ٹیگز: