کراچی: چیئرمین پنجاب گروپ میاں عامر محمود نے کہا کہ پاکستان اپنے وسائل اور صلاحیتوں کے باوجود ترقی کی وہ رفتار اختیار نہیں کر رہا جس کا وہ حقدار ہے۔ ایپ سپ کے زیر اہتمام "2030 کا پاکستان: چیلنجز، امکانات اور نئی راہیں" کے موضوع پر آئی او بی ایم کورنگی کریک میں منعقد ہونے والے سیشن سے خطاب کرتے ہوئے میاں عامر محمود نے کہا کہ ہمیں اپنے ملک سے محبت ہے، پاکستان ہمارا گھر ہے، اور اللہ نے مسلمانوں کو ایک الگ ملک دیا ہے، لیکن وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ ہمارے حالات میں وہ بہتری نہیں آئی جو ہمیں ملنی چاہیے تھی۔
انہوں نے کہا کہ اس خطے میں چین، بھارت، ویتنام اور تھائی لینڈ جیسے ممالک تیزی سے ترقی کر رہے ہیں، جبکہ پاکستان اپنی صلاحیت کے مطابق ترقی نہیں کر رہا۔ میاں عامر محمود نے مزید کہا کہ ہمیں یہ دیکھنا ہوگا کہ ہمارے ہمسائے ممالک کس طرح ترقی کر رہے ہیں، اور ہمیں اپنی پوزیشن کو بہتر بنانے کے لیے ان سے سیکھنا ہوگا۔
چیئرمین پنجاب گروپ نے اس بات پر بھی زور دیا کہ پاکستان میں گزشتہ 80 سالوں میں کئی اچھے لیڈرز آئے ہیں، مگر بدقسمتی سے کسی نے بھی اپنے فرض کو پوری طرح سے ادا نہیں کیا۔ ان کے مطابق پاکستان ایک فیڈریشن ہے جس کے 4 فیڈریٹنگ یونٹس ہیں، اور یہ دنیا کی واحد فیڈریشن ہے جس کا ایک فیڈریٹنگ یونٹ باقی تینوں سے بڑا ہے، جو ملک کی داخلی مسائل کی ایک اہم وجہ ہے۔
میاں عامر محمود نے کہا کہ ملک کی ترقی کے لیے ضروری ہے کہ ہم اپنے مسائل کو سمجھیں، اپنے وسائل کا بہتر استعمال کریں، اور اپنے لیڈرز اور عوام کو ایک مشترکہ مقصد کے لیے کام کرنے کی ترغیب دیں تاکہ پاکستان اپنے اصل امکانات کے مطابق ترقی کر سکے۔