Get Alerts

26 نومبر احتجاج کیس :عدالت نے علیمہ خان کو جانے کی اجازت دے دی

26 نومبر احتجاج کیس :عدالت نے علیمہ خان کو جانے کی اجازت دے دی

راولپنڈی: انسداد دہشت گردی عدالت راولپنڈی نے 26 نومبر کے احتجاج کیس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان کو عدالت سے جانے کی اجازت دے دی۔ اس سے قبل عدالت نے انہیں عارضی طور پر عدالتی تحویل میں لینے کا حکم دیا تھا۔

آج ہونے والی سماعت کے دوران، علیمہ خان نے عدالت سے درخواست کی کہ ان کے وکیل سپریم کورٹ میں مصروف ہیں اور انہیں جانے کی اجازت دی جائے۔ پراسیکیوٹر ظہیر شاہ نے عدالت میں دلائل دیتے ہوئے کہا کہ کریمنل پروسیجر کی سیکشن 351 کے تحت ملزمہ عدالتی تحویل میں ہے۔

سماعت کے دوران جب علیمہ خان عدالت سے باہر نکلنے کی کوشش کر رہی تھیں، خواتین پولیس اہلکاروں نے انہیں تحویل میں لے کر دوبارہ عدالت میں پیش کیا۔ تاہم، عدالت نے بعد ازاں علیمہ خان کو جانے کی اجازت دے دی اور ان کے جمع کرائے گئے 10،10 لاکھ روپے کے 2 مچلکے منظور کر لیے۔

علیمہ خان کے وکیل فیصل ملک بھی عدالت میں موجود تھے اور اس کیس کی پیروی کر رہے ہیں۔ عدالت نے مقدمے میں تاخیری حربے استعمال کرنے پر 8 گواہوں کو 10،10 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا۔

واضح رہے کہ علیمہ خان کے خلاف 26 نومبر کے احتجاج پر متعدد بار وارنٹ گرفتاری جاری ہو چکے ہیں۔

ٹیگز: