ایران: ایران کی سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل کے سیکرٹری علی لاریجانی نے پاکستان میں اپنے استقبال پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان کو اپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے لاریجانی نے کہا کہ "پاکستانی عوام اور حکومت نے اسرائیل کے ساتھ جنگ کے دوران ایران کا بھرپور ساتھ دیا۔ اس حمایت کے لیے ہم پاکستان کے شکرگزار ہیں۔"
انہوں نے کہا کہ ایران اور پاکستان کے درمیان تاریخی برادرانہ تعلقات ہیں، اور ایران پاکستان اور افغانستان کے درمیان امن کے قیام کے لیے ثالثی کرنے کے لیے تیار ہے۔ لاریجانی نے پاکستان کو خطے کا ایک اہم اور ذمہ دار ملک قرار دیا اور کہا کہ ایران امن کے قیام کے لیے اپنے کردار کو جاری رکھے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایران اور پاکستان دونوں فلسطین میں امن کے قیام کے لیے پرعزم ہیں اور چاہتے ہیں کہ مسئلہ فلسطین کا حل پرامن طریقے سے نکالا جائے۔
لاریجانی نے کہا کہ پاکستان میں ان کی صدر، وزیرِ اعظم اور دیگر اعلیٰ حکام سے اہم ملاقاتیں ہوئیں، اور دونوں ممالک ہمیشہ ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ قیام امن کے لیے تمام ممالک کو اپنی ذمہ داریوں کا بھرپور ادراک کرتے ہوئے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔