Get Alerts

لاہور ہائیکورٹ کی جانب سے ڈکی بھائی کی رہائی کا حکم، ایف آئی اے کی تحقیقات جاری

لاہور ہائیکورٹ کی جانب سے ڈکی بھائی کی رہائی کا حکم، ایف آئی اے کی تحقیقات جاری

لاہور: معروف یوٹیوبر سعد الرحمان، جنہیں "ڈکی بھائی" کے نام سے جانا جاتا ہے، کو کیمپ جیل لاہور سے رہا کر دیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق، عدالت کی جانب سے ان کی روبکار آج جاری ہونے کے بعد رہائی عمل میں آئی۔

گزشتہ پیر کو لاہور ہائیکورٹ نے جوئے کی ایپس کی پروموشن سے متعلق مقدمے میں 10 لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض ڈکی بھائی کی ضمانت منظور کی تھی۔ عدالت نے سماعت کے دوران کہا تھا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق اس نوعیت کے کیسز میں ضمانت نہ دینا غیر معمولی بات ہو گی۔

پچھلے روز بروقت روبکار جاری نہ ہونے کی وجہ سے ڈکی بھائی کو رہائی نہیں مل سکی تھی، تاہم آج جوڈیشل مجسٹریٹ نعیم بھٹو نے رہائی کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ اگر ڈکی بھائی کسی دوسرے مقدمے میں مطلوب نہیں تو انہیں فوراً رہا کیا جائے۔

ڈکی بھائی کے خلاف ایف آئی اے کے نیشنل کرائم ایجنسی ونگ (NCIA) میں آن لائن جوا فروغ دینے کے الزام میں مقدمہ درج ہے، اور تحقیقات بدستور جاری ہیں۔ رہائی کے موقع پر ڈکی بھائی کے اہل خانہ اور قریبی دوست بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔
 
 

ٹیگز: