لاہور : وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ مریم نواز نے سیلاب متاثرین کے حق میں قوم کے سامنے پنجاب کا مقدمہ پوری طاقت سے لڑا ہے۔ اُن کا کہنا ہے کہ متاثرہ عوام کی مدد پر سیاست کرنا افسوسناک ہے اور حکومت اس کی ہرگز اجازت نہیں دے گی۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پنجاب کے عوام نے مریم نواز کو مینڈیٹ دیا ہے، اور وہ نہ صرف عوام کے اعتماد پر پورا اتری ہیں بلکہ صوبے کا تحفظ کرنا بھی بخوبی جانتی ہیں۔
انہوں نے کہا "جو لوگ سیلاب متاثرین کے لیے کوئی عملی کام نہیں کر سکتے، انہیں غیر ضروری زبان درازی سے بھی گریز کرنا چاہیے۔ سیلاب کے نام پر سیاسی دکانیں چمکانے والوں کو شرم آنی چاہیے۔"
عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ مریم نواز اور ان کی ٹیم فلاحی کاموں میں پیش پیش ہیں، اور ان کی کارکردگی خود عوام کے سامنے ہے۔
وزیر اطلاعات نے کہا، جن کے پاس اپنی کارکردگی دکھانے کو کچھ نہیں، وہ دوسروں کے اچھے کاموں میں کیڑے نکالتے ہیں۔ مریم نواز نے پنجاب میں میرٹ، گڈ گورننس اور شفافیت کی مثال قائم کی ہے۔
عظمیٰ بخاری نے مزید کہا کہ حکومت پنجاب سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے، اور عوام کے مسائل کے حل کے لیے ہر سطح پر سنجیدہ اقدامات کیے جا رہے ہیں۔