سینیٹ میں گستاخانہ خاکوں کے خلاف قرار داد متفقہ طور پر منظور

سینیٹ میں گستاخانہ خاکوں کے خلاف قرار داد متفقہ طور پر منظور

اسلام آباد:سینیٹ میں گستاخانہ خاکوں کے خلاف قرار داد پیش کر دی گئی جسے متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا، قائد ایوان شبلی فراز نے قرار دار پیش کی۔


تفصیلات کے مطابق، ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا  کی زیرصدارت سینیٹ کا اجلاس ہوا جس میں وزیراعظم عمران خان نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر قائد ایوان شبلی فراز نے پورے ایوان کی جانب سے متفقہ طور پر ہالینڈ میں گستاخانہ خاکوں کے خلاف قرار داد پیش کی جسے متفقہ طور پر منظور کر لیاگیا۔

وزیر اعظم عمران خان نے گستاخانہ خاکوں سے متعلق سینیٹ میں منظور ہونے والی قرارداد کو اقوام متحدہ میں پیش کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ یورپ میں کم لوگوں کو پتہ ہے کہ ان کی اس حرکت سے مسلمانوں کو کتنی تکلیف پہنچتی ہے، مسلمان متحد ہوکران کو اپنی تکلیف بتائیں، گستاخانہ خاکوں کے معاملے پر او آئی سی کو متحرک کرنا ہوگا۔

عمران خان نے سینیٹ کے اجلاس میں پہلا خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مغرب میں و ہ لوگ جو مسلمان سے نفرت کرتے ہیں وہ مسلمانوں کو تکلیف پہنچانے کے لئے ایسی حرکتیں کرتے ہیں ،ہم کوشش کریں گے کہ او آئی سی کو اس پر متفق کریں تاکہ اس طرح کے مزید واقعات نہ ہوں ،مسلمانوں کو دنیا کے سامنے ایک ہونا چاہئے تاکہ انہیں پتہ چلے کہ ہمیں ان کی اس حرکت سے کتنی تکلیف ہوتی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ یورپی ذہن جانتا ہوں وہاں کے عوام کو نبی سے محبت سمجھ نہیں آتی ، یورپ میں بہت کم لوگوں کوپتا ہے کہ ایسے خاکوں سے مسلمانوں کو تکلیف ہوتی ہے ، ہم کیوں نہیں ان کوبتاسکے کہ یورپ کی ان حرکتوں سے ہمیں کتنی تکلیف ہوتی ہے-

ہولوکاسٹ پراگر کوئی بات کرے تو چار یورپی ممالک میں جیل ہوجاتی ہے- مسلمان پہلے خود ایک چیز پر متحد ہوں اور پھر دنیا کو اپنی تکلیف بتائیں گے،مغرب کی عوام آزادی رائے کے نام پر اس سے پیچھے نہیں ہٹیں گے ۔