اسلام آباد: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور ایرانی فوج کے سربراہ میجر جنرل عبدالرحیم موسوی کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا، جس میں دونوں فریقین نے مشترکہ سرحدوں کو دہشت گردی سے پاک اور محفوظ بنانے پر اتفاق کیا ہے۔
ایرانی سفارتخانے کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق میجر جنرل عبدالرحیم موسوی نے پاکستان میں سیلاب سے متاثرہ افراد کے لیے ہمدردی کا اظہار کیا اور کہا کہ ایران اپنے پاکستانی بھائیوں کی مدد کے لیے اپنی پوری صلاحیت کے مطابق تعاون فراہم کرنے پر فخر محسوس کرے گا۔
انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تعلقات کو مضبوط قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایران اور پاکستان مختلف شعبوں میں رابطے اور تعاون کو مزید بڑھا رہے ہیں تاکہ علاقائی استحکام کو فروغ دیا جا سکے۔