لاہور:پنجاب میں ممکنہ سیلابی صورتِ حال کے پیشِ نظر محکمہ صحت و آبادی نے تمام سرکاری اسپتالوں اور طبی عملے کو فوری طور پر ایمرجنسی الرٹ پر رکھ دیا ہے۔ صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے ہنگامی اجلاس طلب کر کے متعلقہ حکام کو ضروری اقدامات جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت جاری کر دی۔
اجلاس کے دوران وزیر صحت نے تمام سی ای او ہیلتھ اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹس کو ہدایت کی کہ وہ اسپتالوں میں ایمرجنسی وارڈز کو مکمل فعال رکھیں، اور بنیادی و خصوصی ادویات کے وافر ذخائر یقینی بنائیں۔ انہوں نے "کلینک آن ویلز" پروگرام کے تحت متاثرہ علاقوں میں موبائل میڈیکل یونٹس کو پوری صلاحیت کے ساتھ فعال رکھنے پر زور دیا۔
خواجہ عمران نذیر نے واضح کیا کہ سانپ کے کاٹے، ڈائریا، جلدی بیماریوں اور وبائی امراض کی ادویات ہر اسپتال میں دستیاب ہونی چاہئیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتِ حال میں فوری ردعمل ممکن ہو سکے۔
انہوں نے تمام ضلعی افسران کو ہدایت دی کہ وہ ریسکیو 1122، ضلعی انتظامیہ اور دیگر اداروں کے ساتھ قریبی رابطے میں رہیں تاکہ امدادی اقدامات مؤثر انداز میں جاری رکھے جا سکیں۔
وزیر صحت نے اعلان کیا کہ وہ خود متاثرہ علاقوں کا دورہ کریں گے تاکہ زمینی حقائق کا جائزہ لے کر عملے کی کارکردگی کو جانچا جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کو بروقت اور معیاری طبی سہولیات فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے، اور کسی بھی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف ذاتی طور پر ریلیف آپریشنز کی نگرانی کر رہی ہیں، اور ان کی ہدایات پر تمام طبی و امدادی ٹیمیں فیلڈ میں متحرک کر دی گئی ہیں۔