Get Alerts

بے نظیر بھٹو نے مشکل ترین حالات میں بھی ریاست اور ملکی تنصیبات پر حملے کا راستہ اختیار نہیں کیا بلکہ مقابلہ کیا:شیری رحمان 

بے نظیر بھٹو نے مشکل ترین حالات میں بھی ریاست اور ملکی تنصیبات پر حملے کا راستہ اختیار نہیں کیا بلکہ مقابلہ کیا:شیری رحمان 

گڑھی خدا بخش:پیپلز پارٹی کی سینئر رہنما اور سینیٹر شیری رحمان نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہید بے نظیر بھٹو جمہوریت، آئین کی بالادستی اور عوامی خدمت کی روشن علامت تھیں۔ انہوں نے کہا کہ بے نظیر بھٹو ہمیشہ غریب اور کمزور طبقے کے ساتھ کھڑی رہیں اور یہ درس دیا کہ اقتدار کا اصل مقصد عوام کی خدمت ہوتا ہے۔

شیری رحمان نے کہا کہ بے نظیر بھٹو نے مشکل ترین حالات میں بھی ریاست اور ملکی تنصیبات پر حملے کا راستہ اختیار نہیں کیا بلکہ ڈٹ کر مقابلہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ بے نظیر بھٹو نے یہ بھی سکھایا کہ چاہے کتنی ہی سختیاں کیوں نہ ہوں، جمہوری جدوجہد آئینی دائرے میں رہ کر ہی کی جاتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری اپنی والدہ کے وژن کو آگے لے کر چل رہے ہیں، جبکہ صدر مملکت آصف علی زرداری نے بھی ہمیشہ عوام کی خدمت اور جمہوری اقدار کو فروغ دیا۔ سینیٹر شیری رحمان نے کہا کہ بے نظیر بھٹو دو مرتبہ ملک کی وزیرِ اعظم منتخب ہوئیں اور انہوں نے عالمی سطح پر پاکستان کا مثالی تشخص اجاگر کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ جب بھی پاکستان کا نام دنیا میں لیا جاتا ہے تو بے نظیر بھٹو کا ذکر فخر سے کیا جاتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ  ملکی استحکام اور جمہوریت کے لیے ان کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ شیری رحمان نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے کبھی اقتدار کو ترجیح نہیں دی بلکہ جمہوری سیاست اور عوامی خدمت کو اپنا شعار بنایا۔

آخر میں انہوں نے کہا کہ بے نظیر بھٹو نے قید و بند اور سخت ترین حالات کا سامنا کیا، حتیٰ کہ سکھر میں ایسے سیل میں رہیں جن کا تصور بھی مشکل ہے، مگر اس کے باوجود انہوں نے قوم کا سر ہمیشہ بلند رکھا۔

ٹیگز: