نسان کا سالوں بعد سستی گاڑی کیساتھ پاکستان میں واپسی کا فیصلہ

نسان کا سالوں بعد سستی گاڑی کیساتھ پاکستان میں واپسی کا فیصلہ

لاہور: آٹو موبائلز کی دنیا میں منفرد نام پیدا کرنے والی کمپنی گندھارا نسان لمیٹڈ نے آٹھ سال کے تعطل کے بعد پاکستان میں اپنے آپریشنز کو دوبارہ شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا، جس کا آغاز ایک سستی بجٹ گاڑی ڈسٹن گو کو متعارف کراکے کیا جاسکتا ہے۔
رپورٹس کے مطابق آٹھ سال کے تعطل کے بعد گندھارا نسان لمیٹڈ پاکستان میں اپنے آپریشنز کو دوبارہ شروع کرنے والی ہے اور اس معاہدے کے تحت نسان کو قانونی طور پر کم لاگت میں گاڑیوں کے پارٹس درآمد کرنے کی اجازت ہوگی تاکہ کمپنی بجٹ دوست گاڑیاں تیار کرسکے جبکہ کمپنی کی جانب سے 200 ملین ڈالرز کی سرمایہ کاری کی جائے گی جس سے 2010 سے اس کمپنی کے پاکستان میں بند پلانٹ دوبارہ کام کرنے لگیں گے۔
کمپنی ابتدائی چار برسوں میں سرمایہ کاری کرکے ڈسٹن گاڑی کو پاکستان میں متعارف کرائے گی جس کے دنیا بھر میں کئی ورژن فروخت کیے جارہے ہیں مگر پاکستان میں گو ورژن کو متعارف کرایا جاسکتا ہے۔1200 سی سی 1.2 لیٹر انجن کے ساتھ اس گاڑی میں یو ایس کنکٹیویٹی، ٹیوب لیس ٹائر، پانچ دروازے، خوبصورت ڈیزائن، تھری ڈی شیپ ہیڈ لائٹس، فرنٹ ڈرائیور ائیربیگ اور دیگر فیچرز نمایاں ہیں۔اس گاڑی کی پاکستان میں متوقع قیمت 5 لاکھ 60 ہزار روپے ہوسکتی ہے کیونکہ دنیا بھر میں یہ اسی قیمت پر فروخت کی جارہی ہے۔ویسے یہ قیمت حتمی تو نہیں مگر امکان اسی بات کا ہے کہ پاکستان میں دیگر کمپنیوں کو سخت ٹکر دینے کے لیے گندھارا نسان اسی قیمت پر گاڑی متعارف کراسکتی ہے تاکہ صارفین کی توجہ اپنی جانب کھینچی جاسکے۔