حیدر علی کا لاٹھی چارج، پشاور زلمی نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو سات وکٹوں سے شکست دیدی

حیدر علی کا لاٹھی چارج، پشاور زلمی نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو سات وکٹوں سے شکست دیدی
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

کراچی: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) چھ کے 10 ویں میچ میں پشاور زلمی نے ٹام کوہلر، شعیب ملک اور حیدر علی کی عمدہ بلے بازی کی بدولت اسلام آباد یونائیٹڈ کو سات وکٹوں سے شکست دیدی ہے، ٹام کوہلر نے 46 رنز کی اننگز کھیلی اور شعیب ملک نے 28 رنز بنائے جبکہ حیدر علی نے 36 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی۔ 
تفصیلات کے مطابق نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے میچ میں پشاور زلمی نے اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے دیا گیا ہدف حیدر علی کی دھواں دار بلے بازی کی بدولت اٹھارہویں اوور میں سات وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ پشاور زلمی کے کامران اکمل اور امام الحق نے اسلام آباد یونائیٹڈ کے 118 رنز کے تعاقب میں اننگز کا آغاز کیا تو حسن علی نے پہلے اوور میں امام الحق کو کھاتہ کھولے بغیر ہی فہیم اشرف کے ہاتھوں کیچ کروا دیا۔ وکٹ کیپر بلے باز کامران اکمل بھی محض تین رنز بنا سکے اور چھ کے مجموعی سکور پر محمد وسیم جونیئر کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔ 
ابتدائی نقصان کے بعد شعیب ملک اور ٹام کوہلر کیڈمور نے ذمہ دارانہ بلے بازی کرتے ہوئے تیسری وکٹ کی شراکت میں 63 رنز جوڑ کر اپنی ٹیم کی پوزیشن مضبوط کی تاہم اس موقع پر جارحانہ بلے بازی کرنے والے ٹام کوہلر فواد احمد کی گیند پر فل سالٹ کے ہاتھوں کیچ ہو گئے، انہوں نے 46 گیندوں پر دو چھکوں اور چار چوکوں کی مدد سے 46 رنز بنائے۔ 
اس موقع پر میدان میں آنے والے نوجوان بلے باز حیدر علی انتہائی جارحانہ موڈ میں نظر آئے جنہوں نے کسی بھی باؤلر کا نہ بخشا اور 18 گیندوں پر تین چھکوں اور تین چوکوں کی مدد سے 36 رنز کی شاندار اننگز کھیلتے ہوئے ٹیم کی جیت کو یقینی بنا دیا، جبکہ شعیب ملک نے ناقابل شکست 29 رنز بنا کر اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کروا دیا۔ 
اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے حسن علی کے علاوہ کوئی بھی باؤلر خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں کامیاب نہ ہو سکا جنہوں نے چار اوورز میں 14 رنز کے عوض دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ محمد وسیم جونیئر اور فواد احمد ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کرنے میں کامیاب ہوئے۔ 
قبل ازیں پشاور زلمی کے کپتان وہا ب ریاض نے ٹاس جیت کر اسلام آباد یونائیٹڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی تو پوری ٹیم 17.1 اوورز میں صرف 118 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کے پال سٹرلنگ اورایلکس ہیلز نے اننگز کا آغاز کیا تو صرف دو کے مجموعی سکور پر وہاب ریاض نے پال سٹرلنگ کو کلین بولڈ کر کے اپنی ٹیم کو پہلی کامیابی دلا دی۔ 38 کے مجموعی سکور پر اسلام آباد یونائیٹڈ کو دوسرا نقصان اٹھانا پڑا اور فل سالٹ ثاقب محمود کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے، انہوں نے 11 گیندوں پر نو رنز بنائے۔
مجموعی سکور میں محض تین رنز کے اضافے کے بعد فہیم اشرف بھی پویلین لوٹ گئے، وہ دو رنز بنا کر عمید آصف کی گیند پر ٹام کوہلر کے ہاتھوں کیچ ہوئے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان بھی متاثرکن کارکردگی دکھانے میں کامیاب نہ ہو سکے اور 55 کے مجموعی سکور پر رن آؤٹ ہو گئے، وہ صرف چھ رنز بنا سکے۔ 
اسلام آباد یونائیٹڈ کی پانچویں وکٹ 82 کے مجموعی سکور پر اس وقت گری جب ایلکس ہیلز ثاقب محمود کی گیند پر وقار سلام خیل کو کیچ دے بیٹھے، انہوں نے جارحانہ بلے بازی کرتے ہوئے 27 گیندوں پر ایک چھکے اور پانچ چوکوں کی مدد سے 41 رنز کی اننگز کھیلی۔ حسین طلعت نے 15 گیندوں پر دو چوکوں کی مدد سے 22 رنز بنا کر کچھ مزاحمت کی مگر 86 کے مجموعی سکو ر پر وہ بھی مجیب الرحمان کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔ 
پشاور زلمی کے کپتان وہاب ریاض نے اپنی ٹیم کو ساتویں کامیابی افتخار احمد کی صورت میں دلائی جو سات رنز بنا کر ٹام کوہلر کو کیچ دے بیٹھے۔ جارح مزاج مڈل آرڈر بلے باز آصف علی بھی وہاب ریاض کا شکار ہی بنے اور 111 کے مجموعی سکور پر 19 رنز بنا کر شعیب ملک کے ہاتھوں کیچ ہوئے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کے آٹھویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی حسن علی تھے جو صرف سات رنز ہی بنا سکے اور وہاب ریاض کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔ ثاقب محمود نے محمد وسیم جونیئر کو کامران اکمل کے ہاتھوں کیچ کروا کر اسلام آباد یونائیٹڈ کی اننگز کو سمیٹ دیا۔ 
پشاور زلمی کی جانب سے وہاب ریاض سب سے کامیاب باؤلر رہے جنہوں نے چار اوورز میں 17 رنز کے عوض چار کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی اور ثاقب محمود نے تین وکٹیں حاصل کیں جبکہ مجیب الرحمان اور عمید آصف ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کرنے میں کامیاب ہوئے۔ 
واضح رہے میچ کیلئے پشاور زلمی کی قیادت وہاب ریاض کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں کامران اکمل، امام الحق، ٹام کیڈمور کوہلر، حیدر علی، شعیب ملک، شرفین ردرفورڈ، عمید آصف، مجیب الرحمان، ثاقب محمود اور محمد عمران شامل ہیں۔ 
اسلام آباد یونائیٹڈ کی قیادت شاداب خان کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں ایلکس ہیلز، فل سالٹ، حسین طلعت، آصف علی، افتخار احمد، پال سٹرلنگ، فہیم اشرف، محمد وسیم جونیئر، حسن علی اور فواد احمد شامل ہیں۔