کراچی : سندھ کے سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے ایم کیو ایم کے سکیورٹی واپس لینے کے دعوؤں کو سراسر جھوٹ قرار دے دیا ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم اپنی "مردہ سیاست" کو سہارا دینے کے لیے واویلا کر رہی ہے، حقیقت میں کسی رہنما سے سکیورٹی واپس نہیں لی گئی۔
شرجیل میمن نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن لیڈر سندھ کے پاس سکیورٹی موجود ہے جبکہ خالد مقبول صدیقی کو 10 سپاہی فراہم کیے گئے ہیں۔ انہوں نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ خالد مقبول اور مصطفیٰ کمال اس وقت اسلام آباد میں ہیں، کیا وہ سندھ پولیس کی سکیورٹی وہاں ساتھ لے کر جائیں گے؟ انہوں نے سانحہ گل پلازہ پر حافظ نعیم کے بیانات کو بھی مسترد کرتے ہوئے کہا کہ امیر جماعت اسلامی کی باتیں ایک کان سے سن کر دوسرے سے نکال دینی چاہئیں۔