Get Alerts

عمارتوں کی سیفٹی پر سمجھوتہ نہیں ہوگا: مریم نواز کا نیا ایکشن پلان، جاں بحق افراد کے لیے ایک کروڑ روپے امداد کی تجویز

عمارتوں کی سیفٹی پر سمجھوتہ نہیں ہوگا: مریم نواز کا نیا ایکشن پلان، جاں بحق افراد کے لیے ایک کروڑ روپے امداد کی تجویز

لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے بھر میں عمارتوں کے تحفظ اور آتشزدگی سے بچاؤ کے لیے سخت ایس او پیز (SOPs) جاری کرنے کے احکامات دے دیے ہیں۔ بلڈنگ سیفٹی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کراچی کے سانحہ گل پلازہ پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور متاثرین کے لیے پنجاب حکومت کی جانب سے ہر ممکن تعاون کی پیشکش کی۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے واضح کیا کہ مستقبل میں کسی بھی حادثے سے بچنے کے لیے تعمیرات کے دوران حفاظتی اقدامات کو اولین ترجیح دی جائے گی۔ اجلاس میں درج ذیل اہم فیصلے کیے گئے۔انہوں نے مزید کہاکہ ریسکیو 1122 کے پورے نظام کو جدید آلات سے لیس کرنے کے لیے خصوصی فنڈز فراہم کیے جائیں گے۔
ان کاکہنا تھا کہ  تمام عمارتوں میں فائر الارم سسٹم، بوائلر انسپکشن اور فرسٹ ایڈ باکس کی موجودگی کو لازمی قرار دے دیا گیا۔    وزیر اعلی پنجاب نے   امدادی ٹیموں کے راستے میں رکاوٹ بننے والی تمام تجاوزات کو فوری ہٹانے کا حکم دیا۔ وزیراعلیٰ  پنجاب نے تجویز دی کہ حادثات میں جاں بحق افراد کے لواحقین کو ایک ایک کروڑ روپے کی مالی امداد دی جانی چاہیے۔
لاہور کی ایک 25 منزلہ عمارت میں حالیہ آگ کا ذکر کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ ریسکیو اداروں کا 5 منٹ کا رسپانس ٹائم اور سیف سٹی کیمروں سے مانیٹرنگ نے شہر کو ایک بڑے سانحے سے بچا لیا۔ انہوں نے بیسمنٹ میں پھنسے لوگوں کو بحفاظت نکالنے پر ڈی جی ریسکیو 1122 اور پوری ٹیم کو خصوصی شاباش دی۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ  پوری حکومت نے ایک یونٹ بن کر کام کیا جو کہ باعثِ مسرت ہے۔ ہم نے سیلاب میں بھی ٹیم کی طرح نتائج دیے اور اب بلڈنگ سیفٹی کو بھی ہر صورت یقینی بنائیں گے۔علاوہ ازیں، انہوں نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو بھی سخت نگرانی میں رکھا جائے۔

ٹیگز: