برطانیہ میں بھی پیٹرول، ڈیزل گاڑیوں پر 2040 تک پابندی لگانے کا منصوبہ

برطانیہ میں بھی پیٹرول، ڈیزل گاڑیوں پر 2040 تک پابندی لگانے کا منصوبہ

لندن: فرانس کے بعد برطانیہ میں بھی فضائی آلودگی کا مقابلہ کرنے کے لیے 2040 تک ملک میں پیٹرول اور ڈیزل پر چلنے والی گاڑیوں پر پابندی لگا دی جائے گی۔ یاد رہے برطانوی حکومت کو عدالتوں نے حکم دیا تھا کہ وہ آلودگی پیدا کرنے والی خطرناک گیس نائٹرس آکسائیڈ کی مقدار پر قابو پانے کے لیے منصوبہ تیار کریں۔

مقامی اقدامات میں بسوں میں تبدیلی کر کے انھیں زیادہ ماحول دوست بنانا، سڑکوں کے نقشے تبدیل کرنا، سپیڈ بریکروں کو بدلنا اور ٹریفک کے اشاروں میں ایسی تبدیلیاں لانا کہ ٹریفک کا بہاؤ زیادہ ہموار ہو جائے شامل ہیں۔

آلودگی کے خلاف کام کرنے والے کارکن چاہتے ہیں کہ حکومت ایسے ایئر زون قائم کرے جہاں آلودگی پیدا کرنے والی گاڑیوں پر جرمانے عائد کیے جا سکیں۔ تاہم حکومت کو خدشہ ہے کہ کہیں ایسا نہ لگے کہ وہ ڈیزل گاڑیوں کے مالکان کو سزا دینا چاہتی ہے جنھوں نے اپنی گاڑیاں گذشتہ لیبر حکومت کی اس شہ پر خریدی تھیں کہ وہ کم کاربن خارج کرتی ہیں۔

برطانوی حکومت کا یہ اعلان ایسے ماحول میں کیا جا رہا ہے جب دنیا بھر میں بجلی سے چلنے والی کاروں کا رجحان بڑھ رہا ہے۔ واضح رہے گذشہ ہفتے فرانسیسی صدر میکخواں نے ایسے ہی ایک منصوبے کا اعلان کیا تھا جس کے تحت فرانس سے 2040 تک معدنیاتی ایندھن سے چلنے والی گاڑیوں پر پابندی لگا دی جائے گی۔

 

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں