بنگلا دیش میں کورونا کی نئی قسم تیزی سے پھیلنے لگی، پورے ملک میں لاک ڈاؤن کا فیصلہ  

After Delta variant cases surge, Bangladesh announces new lockdown
کیپشن: فائل فوٹو

ڈھاکہ: بنگلا دیش میں کورونا وائرس کی نئی قسم ڈیلٹا کے پھیلاؤ میں تیزی سے اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ صورتحال کے پیش نظر حکومت نے پورے ملک میں لاک ڈاؤن نافذ کرے کا اعلان کر دیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ بنگلا دیش میں کورونا وائرس کی مہلک ترین قسم “ڈیلٹا پلس” کے کیسوں میں خطرناک اضافہ کے باعث تمام سرکاری اور پرائیوٹ دفاتر کو ایک ہفتے کیلئے مکمل طور پر بند کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے، اس پابندی کا اطلاق پیر سے ہوگا۔

اس کے علاوہ تمام ٹرانسپورٹ پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے، صرف انتہائی ایمرجنسی کی صورت میں شہریوں کو باہر سفر کی اجازت ہوگی۔

بنگلا دیشی حکام کا کہنا ہے کہ لاک ڈاؤن کے دوران اگر کسی شہری نے بغیر اجازت باہر نکلنے کی کوشش کی تو اس کیخلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

بنگلا دیش کی محکمہ صحت کے ترجمان روبید امین کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ لاک ڈاؤن پر سختی سے عملدرآمد کرانے کیلئے سیکیورٹی فورسز اور پولیس کو مکمل اختیارات دے دیئے گئے ہیں لیکن اگر اس پر مکمل عملدرآمد نہ ہو تو ضرورت پڑنے پر فوج کو بلا لیا جائے گا۔

روبید امین کا کہنا تھا کہ بنگلا دیش میں اس وقت صورتحال انتہائی پریشان کن اور خطرناک ہوتی جا رہی ہے۔ اگر ہم نے ابھی سے کورونا وائرس کی نئی قسم ڈیلٹا پلس پر قابو نہ پایا تو ہمارے ملک کے انڈیا جیسے حالات ہو سکتے ہیں۔

ادھر بنگلا دیشی حکام نے کہا ہے کہ انڈیا کیساتھ سرحدی اضلاع میں ڈیلٹا پلس کی وجہ سے صورتحال انتہائی تباہ کن ہو چکی ہے۔ ہسپتال کورونا کے مرض میں مبتلا مریضوں سے بھر گئے ہیں۔