اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف حصوں میں بارشوں کی پیشگوئی کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ بعض علاقوں میں ندی نالوں میں طغیانی اور شہری سیلاب (اربن فلڈنگ) کا خطرہ ہے۔
محکمے کے مطابق آج اسلام آباد، پنجاب، سندھ، بلوچستان، خیبرپختونخوا اور کشمیر میں بارش کا امکان ہے، جب کہ بعض علاقوں میں موسلا دھار بارشیں متوقع ہیں۔
مری، گلیات، مانسہرہ، کوہستان، دیر، سوات، شانگلہ، نوشہرہ اور صوابی سمیت کئی علاقوں میں ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں تیزی آ سکتی ہے، جس سے طغیانی کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ ڈی جی خان، موسیٰ خیل، بارکھان اور آزاد کشمیر میں بھی ندی نالے بپھر سکتے ہیں۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ خیبرپختونخوا، کشمیر، مری اور گلیات کے پہاڑی علاقوں میں شدید بارش کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بھی موجود ہے۔
ادھر کراچی میں حالیہ بارشوں کے بعد موسم خوشگوار ہو گیا ہے اور گرمی کا زور ٹوٹ چکا ہے۔ تاہم محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج شام سے کراچی میں وقفے وقفے سے مزید بارش کا امکان ہے، جو ہفتہ اور اتوار تک جاری رہ سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے سے شہریوں کو مشکلات پیش آ سکتی ہیں اور اربن فلڈنگ کا خدشہ موجود ہے، خاص طور پر سکھر، لاڑکانہ، میرپور خاص اور حیدرآباد کے علاقوں میں۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ تیز ہوائیں اور جھکڑ چلنے سے کمزور عمارتیں، بجلی کے کھمبے اور سولر پینلز کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔
محکمے کے مطابق مون سون کا پہلا اسپیل 2 جولائی تک جاری رہے گا، جبکہ دوسرا اسپیل 5 جولائی سے ملک پر اثرانداز ہونے کی توقع ہے۔