Get Alerts

پاکستان میں ادویات کی تصدیق کے لیے کیو آر کوڈ نظام متعارف

پاکستان میں ادویات کی تصدیق کے لیے کیو آر کوڈ نظام متعارف

اسلام آباد: وفاقی وزیر صحت سید مصطفیٰ کمال نے ملک بھر میں ادویات کی نگرانی اور ان کی اصل ہونے کی تصدیق کے لیے بارکوڈ اور کیو آر کوڈ پر مبنی جدید نظام متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے۔

پاکستان فارماسیوٹیکل مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے دفتر کے دورے کے دوران گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت جعلی ادویات کے خاتمے اور صحت کے شعبے کی ڈیجیٹلائزیشن کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔

وزیر صحت کے مطابق اس نئے نظام کے تحت ہر دوا کے پیکٹ پر کیو آر کوڈ موجود ہوگا، جسے موبائل فون سے اسکین کر کے دوا کی مکمل تفصیلات اور اس کی اصل یا جعلی ہونے کی فوری تصدیق کی جا سکے گی۔ انہوں نے بتایا کہ یہ منصوبہ آئندہ 60 روز میں شروع کر دیا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی کابینہ نے پاکستان کی پہلی جامع قومی ویکسین پالیسی کی منظوری دے دی ہے، جسے صحت کے شعبے میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

سید مصطفیٰ کمال نے کہا کہ کراچی ملک کی زیادہ تر فارماسیوٹیکل صنعت کا مرکز ہے اور اس شعبے کی ترقی کے لیے جلد بزنس ٹو بزنس کانفرنسز کا انعقاد بھی کیا جائے گا۔

انہوں نے صحت کے شعبے کے مسائل پر بات کرتے ہوئے کہا کہ آلودہ پانی بیماریوں کی بڑی وجہ ہے، جس پر فوری توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ ان کے مطابق ملک میں ہر سال ہزاروں خواتین زچگی کے دوران جان کی بازی ہار جاتی ہیں، جسے بہتر طبی سہولیات سے کم کیا جا سکتا ہے۔

وفاقی وزیر نے بڑھتی ہوئی آبادی کو بھی ایک بڑا قومی چیلنج قرار دیتے ہوئے کہا کہ آبادی میں غیر متوازن اضافے پر قابو پانے کے لیے مؤثر اقدامات ناگزیر ہیں۔

ٹیگز: