لزبن :نائب وزیرِ اعظم اور وزیرِ خارجہ محمد اسحاق ڈار نے پرتگال کے وزیرِ خارجہ پاؤلو رینجل سے ایک اہم ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات، تجارتی تعاون اور اہم علاقائی و عالمی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
نمائندہ نیو نیوزاسلام آبادذیشان سید سے کاکہنا ہے کہ ذرائع کے مطابق ملاقات کے دوران پرتگالی وزیرِ خارجہ نے مغربی ایشیا (مشرقِ وسطیٰ) میں امن و امان کے قیام اور کشیدگی کے خاتمے کے لیے پاکستان کی مخلصانہ ثالثی کوششوں کی بھرپور تعریف کی اور علاقائی استحکام کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہا۔
ملاقات میں فلسطین کے دیرینہ مسئلے پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی۔ دونوں رہنماؤں نے غزہ کی سنگین صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے خطے میں فوری امن اور انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد کی فراہمی پر زور دیا۔ اس موقع پر دونوں ممالک کے مابین اقتصادی روابط، تجارت اور سرمایہ کاری بڑھانے سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تعاون مزید مضبوط کرنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا گیا۔