ڈیورنڈ لائن پر پاک فوج کی تقریب، افغانستان برہم

ڈیورنڈ لائن پر پاک فوج کی تقریب، افغانستان برہم

کابل: افغانستان نے پاک فوج کی جانب سے ڈیورنڈ لائن پر پرچم اتارنے کی خصوصی تقریب منعقد کرنے کے فیصلے پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اسے غیر مناسب، اشتعال انگیز اور سابقہ دو طرفہ وعدوں کے خلاف قرار دے دیا۔

افغان خبر رساں ادارے خامہ پریس کی رپورٹ کے مطابق افغانستان کی وزارت خارجہ کا کہنا تھا کہ افغان حکومت نے پاکستانی فوج کی جانب سے ڈیورنڈ لائن پر زیرو پوائنٹ کے ساتھ پرچم اتارنے کی خصوصی تقریب کے حوالے سے شدید احتجاج کیا ہے۔افغان وزارت خارجہ نے تنبیہہ کی کہ اس طرح کی تقریبات دونوں ممالک کے درمیان تعلقات خراب کرسکتی ہیں، مزید کہا گیا کہ کابل اور اسلام آباد کے درمیان تعلقات حساس صورتحال اختیار کرچکے ہیں اور ایسے اقدامات سے تناؤ میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ ڈیورنڈ لائن کے دونوں اطراف بسنے والے رہائشیوں کے درمیان تاریخی دوستانہ تعلقات ہیں، ساتھ ہی اس بات پر زور دیا گیا کہ پاکستان کو خصوصی فوجی تقریبات منعقد کرنے کے بجائے دہشت گردی کے خلاف جنگ پر زیادہ توجہ دینی چاہیے۔افغان وزارت خارجہ نے ڈیورنڈ لائن کے دوسری جانب بسنے والے شہریوں پر افغانستان کے سفر کے لیے ویزا کے حصول کے سلسلے میں ڈالے جانے والے دباؤ پر بھی احتجاج کیا۔یاد رہے کہ رواں ماہ 18 نومبر کو چمن میں پاک-افغان سرحد پر باب دوستی کے مقام پر پرچم اتارنے کی پہلی تقریب منعقد کی گئی تھی، جس میں سیکٹر کمانڈر نارتھ کمانڈنٹ ، چمن اسکاؤٹس، قبائلی عمائدین اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی تھی۔