Get Alerts

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا خصوصی طلبہ کیلئے کھانے کی فراہمی کے پروگرام کا افتتاح

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا خصوصی طلبہ کیلئے کھانے کی فراہمی کے پروگرام کا افتتاح

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے خصوصی طلبہ کے لیے کھانے کی فراہمی کے ایک اہم پروگرام کا افتتاح کر دیا۔ لاہور میں منعقدہ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ خصوصی بچے ہمارے ہیروز ہیں اور اللہ تعالیٰ نے ان کو بہترین صلاحیتوں سے نوازا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ یہ بچے معاشرے کا قیمتی حصہ ہیں اور ہمیں ان کی دیکھ بھال اور فلاح کے لیے مزید اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔

وزیراعلیٰ نے سپیشل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی ٹیم کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ ان کا وعدہ تھا کہ وہ ہر ضلع میں ’’سینٹر آف ایکسی لینس‘‘ قائم کریں گے، اور خوشی ہے کہ اس مقصد کو قلیل مدت میں عملی جامہ پہنایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ثانیہ عاشق نے ان کے خواب کو سچ کر دکھایا اور 28 اضلاع میں سینٹرز مکمل کر لیے ہیں، جبکہ پورے پنجاب میں 303 ادارے خصوصی بچوں کی تعلیم اور فلاح کے لیے کام کر رہے ہیں۔ مریم نواز نے اعلان کیا کہ ان تمام اداروں کی تعمیر نو کی جائے گی تاکہ ان بچوں کو بہتر سہولتیں فراہم کی جا سکیں۔

وزیراعلیٰ نے خصوصی بچوں کی ماؤں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ خصوصی بچوں کی پرورش ایک اعزاز ہے، اور ان والدین کی ہمت اور عزم کو سلام پیش کرتی ہوں جو اپنے بچوں کی دیکھ بھال میں لگے ہوئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ ان کا فرض ہے کہ وہ حکومت کی جانب سے خصوصی بچوں کے لیے ہر ممکن سہولت فراہم کریں۔

مریم نواز نے اپنے خطاب میں یہ بھی کہا کہ ریاست کو اپنے شہریوں کی ہر ضروریات کی فکر ہے، چاہے وہ تعلیم ہو، صحت ہو، صفائی ہو یا روزگار کی سہولتیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ کا عہدہ محض ایک تفریح نہیں، بلکہ ایک بڑی ذمہ داری ہے، اور خدمت کے بغیر یہ عہدہ بوجھ بن جاتا ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ پنجاب بھر میں ’’سکول میل پروگرام‘‘ شروع کیا گیا ہے، جس کا مقصد یہ ہے کہ ہر گھر کے دروازے تک پہنچ کر پوچھا جائے کہ کیا کوئی خصوصی بچہ ہے، تاکہ حکومت کے اداروں میں ان بچوں کا داخلہ کرایا جا سکے۔

مزید یہ کہ وزیراعلیٰ نے اعلان کیا کہ ہر سکول کو سی سی ٹی وی مانیٹر بسیں فراہم کی جائیں گی، اور اس وقت 60 بسیں دستیاب ہیں۔ ان بسوں کی مدد سے خصوصی بچوں کو بہترین ماحول فراہم کیا جائے گا، تاکہ ان کے والدین پر بوجھ نہ پڑے۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ حکومت 70 سے 75 ہزار خصوصی افراد کو ’’ہمت کارڈ‘‘ دے رہی ہے اور اب ان خصوصی بچوں کو بھی یہ کارڈ دیے جائیں گے تاکہ ان کی زندگی میں مزید سہولتیں فراہم کی جا سکیں۔

افتتاحی تقریب میں وزیراعلیٰ مریم نواز نے خصوصی طلبہ کے ساتھ وقت گزارا، ان کے ساتھ تصاویر بھی بنوائیں، اور پروگرام کا باقاعدہ آغاز گھنٹی بجا کر کیا۔

اس پروگرام کا مقصد خصوصی بچوں کو کھانے کی فراہمی کے ذریعے ان کی فلاح اور بہبود کو یقینی بنانا ہے۔

ٹیگز: