31اکتوبر کو صدر مملکت دھابیجی ایکسپریس کا افتتاح کریں گے:شیخ رشید احمد

31اکتوبر کو صدر مملکت دھابیجی ایکسپریس کا افتتاح کریں گے:شیخ رشید احمد
کیپشن: فائل فوٹو

لاہور:وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ31اکتوبر کو صدر مملکت دھابیجی ایکسپریس کا شام چار بجے افتتاح کریں گے،ریلوے میں نوجوانوں کو بھرتی کرنا چاہتے ہیں جبکہ ریلوے کے بغیر ملکی معیشت کھڑی نہیں ہوسکتی۔

تفصیلات کے مطابق ریلوے ہیڈ کوارٹر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ31اکتوبرکوشام 4بجے صدردھابیجی ایکسپریس کا افتتاح کریں گے،تمام ریجنل ہیڈکوارٹرز پر وائی فائی لگادیے گئے ہیں،گزشتہ سال کی نسبت ہم نے زیادہ کمائی کی ہے،لاہورکے تمام گوداموں میں سی سی ٹی وی کیمرے لگائے جارہے ہیں،ریلوے کی زمین غیر قانونی طور پر استعمال کرنے والے فوری زمین خالی کردیں۔

وفاقی وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ ٹرینوں میں جدت لانے کیلئے ٹریکنگ سسٹم میں بہتری کرنے جارہے ہیں،کراچی میں اربوں روپے کی پراپرٹی غیرقانونی طریقے سے استعمال کی جارہی ہے۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کا دورہ چین انتہائی اہمیت کا حامل ہے،سی پیک منصوبہ درحقیقت ریلوے کیلئے ہے،سی پیک در اصل ریلوے کیلئے ہے لوگوں نے اسے چرالیا ہے،ملکی معیشت ریلوے کے بغیر کھڑی نہیں ہوسکتی ہے،ریلوے میں 60دن پورے ہوگئے ہیں، ماضی میں اربوں روپے سٹیشن کی تزئین و آرائش پر لگادیے گئے،ماضی میں مہنگے ریلوے انجن خریدے گئے،صرف احسن اقبال کے ریلوے سٹیشن پر کروڑوں لگادیے گئے،ٹرینوں میں بہتری لانے کیلئے ٹریکنگ سسٹم لارہے ہیں۔

شیخ رشید کا مزید کہنا تھا کہ لاہور میں ریلوے اور اسلام آباد میں سیاست کرتا ہوں،کراچی میں سٹاک ایکسچینج انتظامیہ ریلوے کی زمین خالی کردے،کراچی حیدرآباد ٹرین کا افتتاح وزیر اعظم دورہ چین کے بعد کریں گے،ریلوے کے گوداموں میں کیمرے لگانے کافیصلہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ریلوے کے افسروں اور ملازمین کی مدد سے سال میں دس ارب روپے کا منافع دوں گا،چین سے ہمیں بہت اچھی توقعات ہیں سعودی عرب سے اچھے معاملات ہیں،وزیراعلیٰ بلوچستان سے مل کروہاں اورزمین لیں گے اورمسافر ٹرینیں کبھی منافع میں نہیں چل سکتیں۔