مولانا فضل الرحمن نے حکومت کو "ناجائز بچہ " قرار دیدیا

مولانا فضل الرحمن نے حکومت کو
کیپشن: فائل فوٹو

لاہور:جمعیت علماءاسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے حکومت کو "ناجائز بچہ " قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ حکومت ہی ناجائز ہے، یہ ناجائز بچہ ہے۔

ذرائع کے مطابق لاہور میں جے یو آئی ف کے شوری ٰ اجلاس سے پہلے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ اسرائیلی طیارہ پاکستان آیا ، اس پر تشویش ہے،اپوزیشن کو جکڑنے کے لئے نیب کو استعمال کیا جا رہا ہے،نیب کا ادارہ سیاسی انتقام کے لئے بنایا گیا،نوازشریف سے ملاقات کا کل امکان ہے۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کا اتحاد بنا کر قوم کی آواز بننا ہے،پچھلے دو مہینے میں قوم پر پہاڑ گرائے گئے ہیں،عوام کی مضبوط اور مستحکم آواز بنیں گے جبکہ شعلہ باری اور عجلت میں کوئی کام نہیں کریں گے۔

مولانا فضل الرحمن کا مزید کہنا تھا کہ آج جو لوگ حکومت میں چلے گئے ان کے ساتھ این آر او ہو چکا ہے،اربوں کے غبن کر نے والے پی ٹی آئی میں جا چکے، ان کے ساتھ این آر او ہو چکا ہے،عمران خان کہتا ہے کہ کسی کو نہیں چھوڑوں گااور دوسری طرف کہتا ہے کہ نیب آزاد ہے۔

انہوں نے کہا کہ تمام کرپشن کرنے والے کرپشن کے باوجود حکومت کے بینچوں میں موجود ہیں جبکہ نیب احتساب کا ادارہ نہیں، سیاست دانوں کے خلاف سیاسی انتقام کا ادارہ ہے۔