پشاور : وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے یومِ سیاہ کشمیر کے موقع پر کشمیری عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے ان کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ 27 اکتوبر 1947 کشمیری تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے، جب بھارتی فورسز نے سری نگر میں داخل ہو کر جموں و کشمیر پر غیر قانونی قبضہ کیا۔ "1947 سے لے کر آج تک کشمیری عوام پر ظلم و جبر کا سلسلہ جاری ہے،" وزیراعلیٰ نے کہا۔
سہیل آفریدی نے مزید کہا کہ "آزادی مقبوضہ کشمیر کے عوام کا بنیادی حق ہے، اور ہم کشمیریوں کی جدوجہدِ آزادی میں ان کے شانہ بشانہ ہیں۔" انہوں نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ انسانی حقوق کے بین الاقوامی ادارے بھارتی مظالم کا نوٹس لیں اور کشمیری عوام کے حقوق کے تحفظ کے لیے موثر اقدامات کریں۔
وزیراعلیٰ نے اقوام متحدہ کی قراردادوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کو اقوام متحدہ کے اصولوں کے مطابق کشمیریوں کو حقِ خودارادیت دلانے میں کردار ادا کرنا چاہیے۔ "خطے کا پائیدار امن مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل سے وابستہ ہے۔ کشمیری عوام کی دہائیوں سے جاری آزادی کی جدوجہد بے مثال ہے،" انہوں نے کہا۔
سہیل آفریدی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ "انشاءاللہ کشمیری عوام کی یہ جدوجہد کامیابی سے ہمکنار ہوگی،" اور بھارت کے ریاستی ظلم و ستم کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ "خود کو بڑی جمہوریت کہلانے والا بھارت کا ظلم قابلِ مذمت ہے۔"