سیالکوٹ: سیالکوٹ انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر شدید بارشوں کے بعد آنے والے سیلابی پانی نے فضائی سرگرمیوں کو متاثر کر دیا ہے، جس کے باعث آج دن بھر فلائٹ آپریشن معطل رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ایئرپورٹ انتظامیہ کے مطابق، صبح 10 بجے سے رات 10 بجے تک تمام پروازیں بند رہیں گی تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے یا ہنگامی صورتحال سے بچا جا سکے۔ ایوی ایشن حکام نے اس معطلی کا باضابطہ نوٹم (NOTAM) جاری کر دیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق، ایئرپورٹ کی جنوبی جانب سے سیلابی پانی کے دباؤ کے بعد فوری طور پر مشینری اور ریسکیو عملہ متحرک کر دیا گیا۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ صورتحال کو قابو میں رکھنے کے لیے ڈی واٹرنگ پمپس مسلسل کام کر رہے ہیں تاکہ رن وے اور دیگر اہم حصے محفوظ رہیں۔
حکام نے واضح کیا ہے کہ رن وے، ٹرمینل بلڈنگ اور پارکنگ ایریا کا بڑا حصہ محفوظ ہے اور ایئرپورٹ پر موجود آلات یا تنصیبات کو فی الحال کسی قسم کا خطرہ نہیں۔ صورتحال پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے اور توقع ہے کہ رات 10 بجے کے بعد فلائٹ آپریشن معمول پر آ جائے گا۔