کراچی: چیف سیکرٹری سندھ آصف حیدر شاہ نے خبردار کیا ہے کہ سندھ میں بھی اونچے درجے کے سیلاب کا خدشہ موجود ہے۔ اس سلسلے میں سندھ میں ممکنہ سیلابی صورتحال پر اجلاس ہوا جس کی صدارت چیف سیکرٹری نے کی۔
اجلاس میں پانی کے بہاؤ اور سیلابی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ چیف سیکرٹری سندھ نے ہدایت دی ہے کہ سیلابی صورتحال کی 24 گھنٹے مانیٹرنگ کی جائے اور تمام انتظامیہ الرٹ رہے۔
اسی کے ساتھ چیف سیکرٹری آفس، کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کے دفاتر میں کنٹرول روم قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ سیلاب کے پیش نظر متعلقہ اداروں کے عملے کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں۔
محکمہ صحت کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ادویات اور ویکسین کی دستیابی کو یقینی بنائے۔ ڈپٹی کمشنرز کو پاک فوج، ریسکیو اور دیگر متعلقہ اداروں کے ساتھ رابطے میں رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو بھی دریا کے کنارے والے علاقوں کا زمینی معائنہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ آصف حیدر شاہ نے کہا کہ بروقت اور مؤثر اقدامات انسانی جانوں اور مال مویشیوں کے نقصانات کو کم کر سکتے ہیں۔