ریاض : سعودی عرب میں تاریخ کی مختصر ترین شادی سامنے آگئی ہے جو کہ صرف ایک گھنٹے پر محیط تھی۔
تفصیلات کے مطابق سعودی عرب میں ایک ایسی شادی سامنے آئی ہے جوکہ صرف ایک گھنٹے تک محیط رہی ہے ، دولہا نے شادی کے صرف ایک گھنٹے بعد والدہ کے اصرار پر اپنی دلہن کو تین مرتبہ زبانی طلاق دے دی جبکہ اس موقع پر نکاح خواں بھی موقع پر موجود تھا۔
سعودی عرب سمیت سوشل میڈیا میں اس شادی کا کافی چرچا ہے ، دولہے کی والدہ اور بہن کا کہنا ہے کہ لڑکی کا تعلق سعودی خاندان سے ہے جوکہ ہماری ثقافت سے بالکل مماثلت نہیں رکھتی ہے ، دونوں کا گزارہ نہیں ہو سکتا ہے ۔
اس شادی نے کافی سوالات کو جنم دے دیا ہے اگر دولہے کی والدہ اور بہن شادی سے مطمئن نہیں تھیں تو شادی کی اجازت کیوں کر دی گئی ۔مقامی نیوز ایجنسی نے بتایا کہ دولہا اور دلہن امریکہ میں زیر تعلیم رہے ہیں اور وہیں ایک دوسرے کو پسند کیا تھا اور شادی کا فیصلہ بھی کیا ۔
دولہے نے شادی کے ایک گھنٹے بعد والدہ کے اصرار پر نکاح خواں کو اپنے پاس بلایا اور لڑکی کی موجودگی میں تین مرتبہ طلاق دے دی جس پر نکاح خواں سمیت تقریب میں شریک دیگر لوگ ششدر رہ گئے ۔