Get Alerts

تھائی لینڈ اور کمبوڈیا کے درمیان جنگ بندی معاہدے پر دستخط

تھائی لینڈ اور کمبوڈیا کے درمیان جنگ بندی معاہدے پر دستخط

بینکاک :  تھائی لینڈ اور کمبوڈیا کے وزرائے دفاع نے ہفتے کے روز جنگ بندی کے معاہدے پر دستخط کر دیے ہیں، جس کے فوراً بعد شام 5 بجے سے جنگ بندی پر عمل شروع ہو گیا۔ دونوں ممالک نے مشترکہ بیان میں کہا کہ معاہدے کے تحت جنگ بندی نافذ کر دی گئی ہے، اور موجودہ فوجی تعیناتیاں برقرار رہیں گی۔ معاہدے کے مطابق، شہریوں، شہری تنصیبات اور فوجی اہداف پر کسی بھی قسم کے حملے ممنوع ہوں گے۔

دونوں ممالک نے سرحدی علاقوں میں فوراً جنگ بندی نافذ کرنے اور فوجیوں کی نقل و حرکت کو منجمد کرنے پر اتفاق کیا۔ اس کے علاوہ، سرحدی علاقے کے شہریوں کو اپنے گھروں کو واپس جانے کی اجازت دی گئی ہے، اور تخریب کاری اور سائبر کرائم سے نمٹنے کے لیے مشترکہ تعاون پر بھی رضامندی ظاہر کی گئی ہے۔

مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ جنگ بندی کے 72 گھنٹے مکمل ہونے کے بعد تھائی لینڈ کی حراست میں موجود کمبوڈیا کے 18 فوجیوں کو رہا کر دیا جائے گا، جو جولائی سے تھائی لینڈ میں زیرِ حراست ہیں۔

یہ معاہدہ اس وقت طے پایا ہے جب دونوں ممالک کے درمیان گزشتہ 20 دنوں سے سرحدی تنازعہ جاری تھا، جس میں 100 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں اور 5 لاکھ سے زیادہ افراد بے گھر ہو گئے ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان 817 کلومیٹر طویل زمینی سرحد پر ایک صدی سے زائد عرصے سے خود مختاری کے مسائل جاری ہیں۔

ٹیگز: