مظفرآباد:وزیراعظم شہبازشریف نے مظفرآباد میں کشمیر انسٹیٹیوٹ آف نیوکلیئر میڈیسن، انکولوجی اور ریڈیالوجی کا افتتاح کر دیا۔ افتتاحی تقریب میں وزیراعظم نے کہا کہ جان لیوا بیماریوں میں مبتلا مریضوں کا علاج انسانیت کی بڑی خدمت ہے اور دکھی انسانیت کی خدمت سے بڑھ کر کچھ نہیں۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ اب لوگ دوسرے شہروں کا رخ کیے بغیر مقامی سطح پر بہترین طبی سہولیات حاصل کر سکیں گے۔ انہوں نے اپنے ذاتی تجربے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ خود کینسر جیسے موذی مرض کا شکار ہو چکے ہیں اور یہ جانتے ہیں کہ وسائل سے محروم افراد کے لیے علاج کرانا کتنا مشکل ہوتا ہے۔
اس موقع پر وزیراعظم نے میر واعظ مولوی محمد فاروق شہید میڈیکل کالج کا بھی افتتاح کیا، تاکہ مظفرآباد میں صحت اور تعلیم کے شعبے میں مزید ترقی کی راہ ہموار ہو۔
یہ اقدام خطے میں صحت کے بہتر معیار اور جدید علاج کی سہولت فراہم کرنے کے لیے ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔