باڑہ: گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کا وادی تیراہ میں کسی قسم کے آپریشن کا کوئی ارادہ نہیں ہے، صوبائی حکومت نے خود آپریشن کا شور مچا کر لوگوں کو نقل مکانی پر مجبور کیا۔ باڑہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ جہاں ضرورت پڑی وہاں ڈنکے کی چوٹ پر آپریشن ہوگا، مگر جھوٹی افواہیں پھیلا کر عوام میں خوف و ہراس پیدا نہ کیا جائے۔
گورنر فیصل کریم کنڈی نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پر سخت تنقید کرتے ہوئے سوال کیا کہ پی ٹی آئی بتائے کہ ان کے ملک دشمنوں کے ساتھ روابط کیوں ہیں؟ انہوں نے الزام لگایا کہ کے پی حکومت ملک دشمنوں کے ساتھ بیٹھنے کو تیار ہے۔ بانی پی ٹی آئی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ "قیدی نمبر 804" اپنے جرائم کی وجہ سے جیل میں ہے اور کسی بھی دھرنے یا احتجاج کے ذریعے کسی مجرم کو جیل سے باہر نہیں لایا جا سکتا۔