پاکستان میں کورونا کے کیسز اور اموات میں مسلسل اضافہ، مزید 44 شہری جاں بحق  

Corona cases and deaths continue to rise in Pakistan, 44 more civilians killed
کیپشن: فائل فوٹو

لاہور: پاکستان میں عالمی و با کورونا وائرس کے یومیہ کیسز اور اموات میں مسلسل اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔ ملک بھر میں چوبیس گھنٹے کے دوران 44 افراد کورونا سے جان کی بازی ہار گئے ہیں۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے مطابق اموات میں حالیہ اضافے سے کورونا وائرس سے جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 23 ہزار 131 تک جا پہنچی ہے۔

گزشتہ روز ملک بھر میں 52 ہزار 291 ٹیسٹ کئے گئے جن میں سے 4 ہزار 119 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی جبکہ مثبت کیسز کی شرح 7.8 فیصد رہی۔

این سی او سی کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 10 لاکھ 15 ہزار 827 تک پہنچ چکی ہے۔

صوبہ سندھ میں کورونا وائرس کے کیسوں کی تعداد تین لاکھ اکہتر ہزار سات سو باسٹھ، خیبر پختونخوا میں ایک لاکھ بیالیس ہزار چار سو، پنجاب میں تین لاکھ چون ہزار 312، اسلام آباد میں چھیاسی ہزار دو سو چھبیس، بلوچستان میں انتیس ہزار آٹھ سو اکسٹھ، آزاد کشمیر میں تئیس ہزار تین سو ستر اور گلگت بلتستان میں سات ہزار آٹھ سو چھیانوے ہو گئی ہے۔

سب سے زیادہ اموات صوبہ پنجاب میں رپورٹ ہوئی ہیں جہاں دس ہزار نو سو اٹھہتر افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ سندھ میں پانچ ہزار آٹھ سو ساٹھ، خیبر پختونخوا چار ہزار چار سو اٹھائیس، اسلام آباد سات سو چھیانوے، گلگت بلتستان ایک سو ستائیس، بلوچستان میں تین سو چھبیس اور آزاد کشمیر میں چھ سو اٹھارہ افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں