سکھر میں چھت گرنے سے 9 مزدور جاں بحق ، گورنر ، وزیر داخلہ کا نوٹس

سکھر میں چھت گرنے سے 9 مزدور جاں بحق ، گورنر ، وزیر داخلہ کا نوٹس

سکھر : سکھر میں گودام کی چھت گرنے سے 9 مزدور جان کی بازی ہار گئے ، 13 افراد کو زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کر دیا گیا ، وزیر داخلہ سندھ اور گورنر سندھ زبیر محمود نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کر لی۔

تفصیلات کے مطابق سکھر کے قریب کھجور منڈی میں گودام کی چھت گرنے سے 9 مزدور جاں بحق ہوگئے ہیں جبکہ 13 افراد کو زخمی حالت میں نکال لیا گیا۔

جاں بحق ہونے والوں میں چار خواتین اور دو بچے شامل ہیں ، کمشنر سکھر ڈاکٹر عثمان چاچڑ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ گودام کو ایک ماہ قبل سیل کیا گیا تھا اور اسے غیر قانونی طور پر دوبارہ کھولا گیا۔

‏کمشنر سکھر کے مطابق گودام مالکان اور گودام کا منشی فرار ہوگئے ہیں، مرنے والے محنت کشوں کو معاوضہ دلانے کی سفارش کریں گے۔

دریں اثنا وزیر داخلہ سندھ اور گورنر سندھ زبیر محمود نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے حکام سے رپورٹ طلب کر لی ہے کہ اگر اس میں کسی بھی شخص کی غفلت ہے تو اس کو قرار واقعی سزا دی جائے۔