اسحاق ڈار احتساب عدالت میں پیش ہو گئے

اسحاق ڈار احتساب عدالت میں پیش ہو گئے

اسلام آباد: گزشتہ روز سینیٹ اور آج وفاقی وزیر کا حلف اٹھانے والے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اسحاق ڈار احتساب عدالت میں پیش ہو گئے۔ 
تفصیلات کے مطابق اسحاق ڈار اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج محمد بشیر کے روبرو پیش ہوئے اور عدالت کو بتایا کہ میں طبیعت خرابی کے باوجود پاکستان آنا چاہتا تھا مگر عمران خان کی حکومت نے میرا پاسپورٹ کینسل کرا دیا تھا۔ 
اسحاق ڈار نے عدالت کو مزید بتایا کہ دنیا بھر میں سفارت خانوں کو ڈائریکشن تھی کہ پاسپورٹ نہ دیا جائے، اب پاسپورٹ ملا ہے تو حاضر ہو گیا ہوں۔عدالت نے حاضری کے بعد اسحاق ڈار کو جانے کی اجازت دیدی۔ 
عدالت پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ عمران خان نے ملک کا وہ حال کیا جو کوئی دشمن نہیں کر سکتا، سیاسی انتقام میں کوئی اس حدتک جاسکتاہے سوچابھی نہیں تھا، عوام دعا کریں ہم ملک کی معیشت بہتر کر سکیں۔ 
ان کا کہنا تھا کہ پانامہ کے ڈرامے نے پاکستان کو نقصان پہنچایا، بتایا جائے 2018ءمیں آرٹی ایس کیسے بند ہوا تھا، ہمیں سیاست سے بالا ہو کر ملکی مفاد میں کام کرنا ہے، نواز شریف کی قیادت میں پاکستان کو بہتر سمت لے کر جائیں گے۔ 

قبل ازیں آج ایوان صدر اسلام آباد میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر اسحاق ڈار نے بطور وفاقی وزیر حلف اٹھا لیا۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اسحاق ڈار سے حلف لیا جبکہ گزشتہ روز انہوں نے سینیٹ کی رکنیت کا حلف اٹھایا تھا۔ 
ایوان صدر میں ہونے والی تقریب حلف برداری میں وزیراعظم شہباز شریف، وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ اور دیگر وفاقی وزراءسمیت کابینہ کے ارکان نے شرکت کی۔ 

مصنف کے بارے میں