Get Alerts

یوٹیوب میں صارفین کے لیے خوشخبری، ریکومینڈیشن ویڈیوز کو چھپانے کا نیا فیچر متعارف

یوٹیوب میں صارفین کے لیے خوشخبری، ریکومینڈیشن ویڈیوز کو چھپانے کا نیا فیچر متعارف

کیلیفورنیا : یوٹیوب نے صارفین کی ایک دیرینہ شکایت کا حل پیش کرتے ہوئے ویڈیو کے اختتام پر نمودار ہونے والے ریکومینڈیشنز کو چھپانے کے لیے نیا ہائیڈ بٹن متعارف کرانے کا اعلان کر دیا ہے۔ اس نئے فیچر کے ذریعے اب صارفین اپنی پسند کی ویڈیوز کو بغیر کسی ریکومینڈیشنز کے آرام سے دیکھ سکیں گے۔

عام طور پر یوٹیوب ویڈیو کے آخر میں متعدد ریکومینڈیشنز کے لنکس دکھاتا ہے جو بعض اوقات ویڈیو کے آخری لمحات کو دیکھنے میں رکاوٹ بنتے تھے۔ صارفین نے عرصے سے اس فیچر کو غیر ضروری اور پریشان کن قرار دیتے ہوئے اسے ختم کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔ اب یوٹیوب نے اس شکایت کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے اس کا حل پیش کر دیا ہے۔

نئے ہائیڈ بٹن کی مدد سے صارفین اسکرین کے اوپری دائیں کونے میں موجود بٹن پر کلک کر کے ریکومینڈیشنز کو عارضی طور پر چھپا سکتے ہیں، اور چاہیں تو شو بٹن کی مدد سے انہیں واپس بھی لا سکتے ہیں۔ البتہ یہ فیچر فی الحال ہر ویڈیو پر الگ سے استعمال کرنا ہوگا، یعنی ہر ویڈیو کے اختتام پر اس بٹن کو کلک کرنا ہوگا۔

یوٹیوب کا کہنا ہے کہ اس فیچر کو متعارف کرانے میں تاخیر کی وجہ یہ تھی کہ کمپنی کو خدشہ تھا کہ ریکومینڈیشنز کو ہٹانے سے ویڈیوز کی پرفارمنس اور صارف کی انگیجمنٹ متاثر ہو سکتی ہے، لیکن کمپنی کے کیے گئے ٹیسٹ میں یہ بات ثابت ہوئی کہ اس سے ویڈیو انگیجمنٹ پر کوئی منفی اثر نہیں پڑتا۔

یہ فیچر اب دنیا بھر میں مختلف صارفین کے لیے دستیاب ہونا شروع ہو گیا ہے اور توقع ہے کہ آنے والے وقت میں اسے مزید بہتر اور آسان بنایا جائے گا تاکہ یوٹیوب صارفین کو بہتر ویڈیو دیکھنے کا تجربہ فراہم کر سکے۔

ٹیگز: