زرمبادلہ بڑھانے میں برآمدات اور مقامی پیداوار اہم کردار ادا کرتے ہیں: عبدالرزاق داؤد

زرمبادلہ بڑھانے میں برآمدات اور مقامی پیداوار اہم کردار ادا کرتے ہیں: عبدالرزاق داؤد
کیپشن: فائل فوٹو

اسلام آباد: وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے تجارت و سرمایہ کاری عبدالرزاق دائود نے کہا ہے کہ پاک افغان تجارت نہیں رکی، ابھی بھی مال بردار ٹرک جن کے دستاویزات مکمل ہیں وہ طورخم بارڈر کے راستے آ جا رہے ہیں، پاکستان میں موبائل فون کی مقامی پیداوار میں بہت زیادہ اضافہ ہوا ہے۔

ہفتہ کو یہاں پاکستان شو ڈیزائن ہب کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عبد الرزاق دائود نے کہا کہ زرمبادلہ میں اضافہ میں برآمدات اورمقامی پیداواراہم کردار ادا کرتے ہیں ، پاکستانی شوز ڈیزائنر کا معیار امریکی شو ڈیزائنر کے برابر ہے ، سوات اور ملتان کے شو میکرز امریکی باہمی اشتراک سے عالمی معیار کے مطابق جوتے بنا رہے ہیں جس سے ہمار ی نوجوان نسل کو بھی اپنی مصنوعات میں بہتری لانے میں مدد ملے گی اور تجربہ بھی حاصل ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ شو انڈسٹری پر گزشتہ دس سال توجہ نہیں دی گئی مگر اب اس صنعت پر بھرپور توجہ دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ ہم نے شو انڈسٹری کی امپورٹ پر ڈیوٹی کم کی ہے تا کہ شو انڈسٹری کو مزید ترقی ملے۔ عبد الرزاق دائود نے کہا کہ شو انڈسٹری کو مزید سہولیات دیں گے، پاکستان میں شو امپورٹ کم ہورہاہے کیونکہ لوکل پروڈکشن بڑھ رہی ہے ۔

عبد الرزاق دائود کا کہنا تھا کہ لوکل مینو فیکچررز سے مزید فائدہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اچھی پالیسیاں بنائی ہیں اور اب پاکستان میں عالمی معیار کے موبائل فون بنا رہا ہے۔ عبد الرزاق دائود نے کہا کہ افغانستان کی صورتحال جیسی بھی ہے ہم تجارت کیلئے تیار ہیں، بھارت کے ساتھ تجارت کا فی الحال کوئی ارادہ نہیں تا ہم مغربی بارڈر پر توجہ دے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان واحد ملک نہیں جہاں مہنگائی ہے، اس وقت دنیا میں سٹیل، تیل اور سیمنٹ کی قیمتیں بہت زیادہ ہو گئی ہیں ، کنٹینرز کا کرایہ بھی بڑھ گیا ہے۔ عبد الرزاق دائود نے کہا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ شوکت ترین کی بات چیت چل رہی ہے اور ستمبر تک صورتحال بہتر ہو جائے گی۔