لاہور : پنجاب کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں پاک فوج کی جانب سے ریسکیو اور ریلیف آپریشن بھرپور طریقے سے جاری ہے۔ ترجمان پاک فوج کے مطابق سیالکوٹ، نارووال، گوجرانوالہ اور ہیڈ خانکی سمیت دیگر متاثرہ علاقوں میں فوجی جوان متاثرہ شہریوں کی مدد میں مصروف عمل ہیں۔
پاک فوج کے دستے کشتیوں اور ہیلی کاپٹروں کی مدد سے سینکڑوں افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر چکے ہیں۔ ان میں بزرگ شہری، خواتین اور بچے بھی شامل ہیں، جنہیں فوری طور پر قریبی امدادی مراکز میں منتقل کر کے ابتدائی طبی امداد، خوراک اور دیگر بنیادی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
فوج نے سول انتظامیہ کے تعاون سے متعدد ریسکیو اینڈ ریلیف کیمپس بھی قائم کیے ہیں جہاں متاثرین کو رہائش، علاج اور خوراک مہیا کی جا رہی ہے۔ ان کیمپس میں تربیت یافتہ میڈیکل عملہ بھی تعینات کیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورت حال میں فوری طبی امداد فراہم کی جا سکے۔
متاثرہ علاقوں کے شہریوں نے پاک فوج کی بروقت کارروائی، جذبہ خدمت اور موثر امدادی سرگرمیوں کو سراہتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا ہے۔ عوام کا کہنا ہے کہ مشکل کی اس گھڑی میں پاک فوج نے ان کا بھرپور ساتھ دے کر ان کی زندگیوں کو محفوظ بنایا۔
پاک فوج کی جانب سے جاری آپریشن تاحال جاری ہے اور متاثرہ علاقوں میں مکمل بحالی تک امدادی سرگرمیاں جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا گیا ہے۔