Get Alerts

سابق قومی کرکٹر عماد وسیم کی طلاق کے اعلان کے بعد ثانیہ اشفاق کے حیران کن انکشافات

سابق قومی کرکٹر عماد وسیم کی طلاق کے اعلان کے بعد ثانیہ اشفاق کے حیران کن انکشافات

کراچی: سابق قومی کرکٹر عماد وسیم کی جانب سے طلاق کے اعلان کے بعد ان کی اہلیہ ثانیہ اشفاق نے اپنے سوشل میڈیا پر ایک بیان جاری کیا جس میں انہوں نے انکشاف کیا کہ ان کا گھر تباہ ہو چکا ہے، بچے اپنے والد سے محروم ہوگئے ہیں اور پانچ ماہ کا بچہ ابھی تک اپنے والد سے نہیں مل سکا۔

ثانیہ اشفاق نے کہا کہ شادی کے دوران مشکلات ضرور آئیں لیکن انہوں نے اپنے رشتہ اور خاندان کو بچانے کی ہر ممکن کوشش کی۔ ان کا کہنا تھا کہ حالات اس وقت خراب ہوئے جب ایک تیسری شخصیت ان کی ازدواجی زندگی میں شامل ہوئی، جو عماد وسیم سے شادی کرنا چاہتی تھی۔ انہوں نے اپنے بچوں کے مستقبل اور گھر کے وقار کی خاطر ذہنی اذیت برداشت کی اور تلخ رویہ بھی جھیل لیا۔

ثانیہ اشفاق نے مزید کہا کہ جو لوگ انہیں خاموش رہنے کا مشورہ دے رہے ہیں، انہیں یہ سمجھنا چاہیے کہ انصاف ضرور ملے گا۔ ان کے پاس اس معاملے سے متعلق تمام دستاویزی ثبوت موجود ہیں، اور وہ ان ثبوتوں کو منظرِ عام پر لانے کی دھمکیوں سے قانونی طور پر نمٹیں گی۔ انہوں نے کہا کہ وہ بدلے کی نہیں بلکہ اپنے اور اپنے بچوں کے حق میں سچ بول رہی ہیں اور ہر اُس خاتون کی آواز بننا چاہتی ہیں جسے خاموش کرنے کی کوشش کی جاتی ہے۔

یاد رہے کہ اس سے پہلے، پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق آل راؤنڈر عماد وسیم نے اپنے سوشل میڈیا پر طویل عرصے سے چلنے والے اختلافات کا اعتراف کیا اور طلاق دینے کا اعلان کیا۔ عماد وسیم نے کہا کہ کئی برسوں کے مسلسل اختلافات اور بات چیت کے بعد، جنہیں حل نہیں کیا جا سکا، انہوں نے طلاق کے لیے کیس دائر کیا ہے۔عماد وسیم اور ثانیہ اشفاق کی شادی 2019 میں ہوئی تھی اور ان کے تین بچے ہیں۔

ٹیگز: