Get Alerts

کراچی: سٹی کورٹ میں معروف یوٹیوبر رجب بٹ پر وکلاء کا حملہ، شدید زخمی

کراچی: سٹی کورٹ میں معروف یوٹیوبر رجب بٹ پر وکلاء کا حملہ، شدید زخمی

کراچی: سٹی کورٹ کراچی میں معروف یوٹیوبر رجب بٹ پر وکلاء کے ایک گروہ نے حملہ کر دیا جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہو گئے۔ عینی شاہدین کے مطابق حملے کے دوران رجب بٹ کے جبڑے اور منہ سے خون بہنے لگا، جس کے باعث عدالتی احاطے میں کشیدگی پھیل گئی۔

رجب بٹ عبوری ضمانت کے حصول کے لیے سٹی کورٹ کراچی میں پیش ہوئے تھے، جہاں اچانک وکلاء کے ایک گروہ نے ان پر حملہ کر دیا۔ تشدد کے دوران رجب بٹ زمین پر گر گئے اور انہیں فوری طبی امداد کی ضرورت پیش آئی۔ واقعے کے فوراً بعد پولیس اور عدالتی عملے نے موقع پر پہنچ کر صورتحال کو قابو میں کیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ حملے کی وجوہات تاحال سامنے نہیں آئی ہیں اور نہ ہی وکلاء تنظیموں کی جانب سے اس حوالے سے کوئی باضابطہ مؤقف جاری کیا گیا ہے۔ واقعے کے بعد سٹی کورٹ کے احاطے میں خوف و ہراس پھیل گیا، جس پر سائلین اور دیگر افراد نے شدید تشویش کا اظہار کیا۔

عدالت نے رجب بٹ کی عبوری ضمانت میں 13 جنوری تک توسیع کردی ہے، اور عدالتی کارروائی مختصر رہی۔ زخمی یوٹیوبر کو بعد ازاں عدالتی احاطے سے باہر منتقل کر دیا گیا۔ قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ رجب بٹ کی حالت خطرے سے باہر ہے، تاہم انہیں مزید طبی معائنے کے لیے اسپتال لے جایا گیا۔

پولیس حکام نے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے اور عدالتی احاطے میں لگے کیمروں کی فوٹیج حاصل کی جا رہی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اس واقعے میں ملوث افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی اور کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

ٹیگز: