Get Alerts

ہم کسی صوبے سے نہیں بلکہ دنیا سے مقابلہ کررہے ہیں، بلاول بھٹو

ہم کسی صوبے سے نہیں بلکہ دنیا سے مقابلہ کررہے ہیں، بلاول بھٹو

لاڑکانہ: چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ 18 ویں ترمیم کے بعد سندھ میں صحت کے شعبے میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ لاڑکانہ میں شہید بینظیر بھٹو میڈیکل یونیورسٹی کے کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے گریجویٹس کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اب ان پر قوم کی خدمت کی ذمہ داری ہے، اور انہیں عملی زندگی میں انسانیت کی خدمت کو اپنا شعار بنانا ہوگا۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ تعلیم کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جا سکتا، اور لاڑکانہ صرف ایک شہر نہیں بلکہ ناانصافی کے خلاف مزاحمت کی علامت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وبا کے دوران ڈاکٹروں اور نرسز نے ہمیشہ فرنٹ لائن پر کام کیا اور انسانیت کی خدمت کی۔

چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ ان کی حکومت کی ترجیح صحت کے نظام کو بہتر بنانا رہی ہے اور 18 ویں ترمیم کے بعد صحت کے شعبے میں بڑی سرمایہ کاری کی گئی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ سندھ میں دل کے مفت علاج کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے اور کراچی، نوابشاہ، جامشورو، سکھر اور لاڑکانہ میں صحت کی سہولتیں پہنچائی گئی ہیں۔

بلاول بھٹو نے چائلڈ لائف فاؤنڈیشن کے ساتھ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت سندھ کے تمام اضلاع میں بچوں کے لیے ایمرجنسی رومز کھولنے کا ذکر کیا اور کہا کہ پاکستان کے دیگر بڑے شہروں کے ہسپتال گمبٹ کے ہسپتال کا مقابلہ نہیں کر سکتے۔ ان کا کہنا تھا کہ جہاں صحت کی سہولتیں نہیں پہنچ سکیں، وہاں بھی ہم سہولتیں فراہم کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سندھ میں 1947 سے 2008 تک صرف 16 یونیورسٹیاں تھیں، جبکہ 2008 کے بعد صوبے میں 30 یونیورسٹیاں قائم کی گئیں، اور ان کا مقصد ہے کہ سندھ کے ہر ضلع میں ایک یونیورسٹی قائم ہو تاکہ پسماندہ علاقوں میں بھی تعلیم کی فراہمی ممکن ہو سکے۔

قبل ازیں، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہید بینظیر بھٹو نے خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے کئی اقدامات کیے تھے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت صحت اور تعلیم کے شعبوں میں بہترین اقدامات کر رہی ہے کیونکہ تعلیم کے بغیر کوئی معاشرہ ترقی نہیں کر سکتا۔

مراد علی شاہ نے مزید کہا کہ بینظیر بھٹو نے 1989 میں یونیورسٹی کا خواب دیکھا تھا، جو 2009 میں مکمل ہوا۔ انہوں نے کہا کہ شعبہ صحت میں اصلاحات جاری ہیں اور نوجوان پاکستان کا مستقبل ہیں۔ تعلیم اور تحقیق پر مبنی ترقی ہی پائیدار ترقی کی بنیاد ہے۔

ٹیگز: