ریلی روسو کی شاندار سنچری، ملتان سلطانز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 30 رنز سے شکست دیدی

ریلی روسو کی شاندار سنچری، ملتان سلطانز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 30 رنز سے شکست دیدی

ملتان : پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے بارہویں میچ میں کوئٹہ ملتان سلطانز نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 30 رنز سے شکست دے کر ہوم گراﺅنڈ پر مسلسل تیسری فتح حاصل کر لی ہے۔

تفصیلات کے مطابق ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں ملتان سلطانز نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 199 رنز بنائے۔ ریلی روسو نے انتہائی عمدہ اور جارحانہ بلے بازی کرتے ہوئے 44 گیندوں پر 6 چھکوں اور 10 چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 100 رنز بنائے جبکہ شان مسعود 46، جیمز وینس 29 اور معین علی 6 رنز بنانے میں کامیاب ہو سکے۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے محمد نواز سب سے کامیاب باﺅلر رہے جنہوں نے 3 اوورز میں 16 رنز کے عوض 1 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ نسیم شاہ، سہیل خان، محمد حسنین اور بین کٹنگ نے بھی ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

ہدف کے تعاقب میں ملتان سلطانز کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 169 رنز بنا کر ہی آﺅٹ ہو گئی اور یوں ملتان سلطانز نے ہوم گراﺅنڈ پر مسلسل تیسری فتح حاصل کر کے 8 پوائنٹس کیساتھ پہلی پوزیشن بھی مضبوط کر لی ہے۔ شین واٹسن نے 41 گیندوں پر 7 چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے 80 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی مگر اپنی ٹیم کو شکست سے بچانے میں ناکام رہے۔ دیگر بلے بازوں میں جیسن روئے نے 30، احسان علی نے 14، اعظم خان نے 6، بین کٹنگ نے 12، انور علی نے 14، محمد نواز نے 5 اور سرفراز احمد نے 2 رنز بنائے۔

ملتان سلطانز کی جانب سے بلاول بھٹی سب سے کامیاب باﺅلر رہے جنہوں نے 3 اوورز میں 22 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ عمران طاہر نے 2 وکٹیں حاصل کیں اور خوشدل شاہ نے ایک کھلاڑی کو آﺅٹ کیا۔واضح رہے کہ میچ کیلئے ملتان سلطانز کی قیادت شان مسعود نے کی جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں جیمز وینس، معین علی، ریلی روسو، ذیشان اشرف، خوشدل شاہ، بلاول بھٹی، سہیل تنویر، عمران طاہر، محمد الیاس اور محمد عرفان شامل تھے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی قیادت سرفراز احمد نے کی جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں جیسن روئے، شین واٹسن، احسان علی، اعظم خان، سرفراز احمد، بین کٹنگ، محمد نواز، سہیل خان، نسیم شاہ، محمد حسنین اور انور علی شامل تھے۔