لاہور : داتا دربار کے قریب کھلے مین ہول میں گرنے والی 10 ماہ کی بچی ردا فاطمہ کی لاش بھی برآمد ہو گئی ہے۔ 17 گھنٹوں کے طویل ریسکیو آپریشن کے بعد معصوم کی لاش سگیاں کے علاقے سے ملی، جس کے بعد اس المناک واقعے میں جاں بحق افراد کی تعداد دو ہو گئی ہے۔
گزشتہ رات پیش آنے والے اس دلخراش واقعے کی تفصیلات بتاتے ہوئے جاں بحق خاتون کی بہن رضیہ نے بتایا کہ وہ داتا صاحب سلام کے بعد واپس جا رہے تھے کہ اچانک 10 ماہ کی ردا فاطمہ ماں کی گود سے کھلے مین ہول میں جا گری, بیٹی کو ڈوبتا دیکھ کر ماں کی ممتا سے رہا نہ گیا اور سعدیہ نے بھی اپنی جان کی پرواہ کیے بغیر گٹر میں چھلانگ لگا دی۔ خاتون کی لاش گزشتہ رات ہی نکال لی گئی تھی، جبکہ بچی پانی کے تیز بہاؤ کی وجہ سے دور نکل گئی تھی۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے واقعے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے ذمہ داروں کے خلاف فوری ایکشن لیا ہے۔ڈائریکٹر ٹیپا (TEPA) شبیر حسین سمیت تین اعلیٰ افسران کو فرائض میں مجرمانہ غفلت برتنے پر فوری طور پر عہدوں سے معطل کر دیا گیا ہے۔
ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کا کہنا ہے کہ پولیس اور انتظامیہ نے جائے وقوعہ کا معائنہ کیا ہے اور ذمہ داروں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔