لاہور: نیشنل گرڈ کمپنی آف پاکستان (این جی سی) نے 500 کے وی K2/K3 مٹیاری اور کے کے آئی - پورٹ قاسم ٹرانسمیشن لائن کے سرکٹس کو کامیابی کے ساتھ انرجائز کر دیا ہے، جو ملک کے بجلی کے ترسیلی نظام کے استحکام کے لیے ایک اہم سنگ میل ہے۔
یہ 102 کلومیٹر طویل، ڈبل سرکٹ کواڈ بنڈل ٹرانسمیشن لائن کراچی کے قریب واقع K2 اور K3 نیوکلیئر پاور پلانٹس سے 2,200 میگاواٹ بجلی نیشنل گرڈ میں منتقل کرے گی۔ اس منصوبے کی لاگت 18.45 ارب روپے ہے۔
ٹرانسمیشن لائن کے مکمل ہونے سے جنوبی پاکستان میں بجلی کی ترسیل کے نظام کو مضبوطی ملے گی، جس سے نیشنل گرڈ کی استعداد کار اور استحکام میں نمایاں اضافہ ہوگا۔ اس سے علاقائی ترقی کو فروغ ملے گا اور روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے، جو قومی معیشت پر مثبت اثرات مرتب کریں گے۔
وزارت توانائی (پاور ڈویژن)، این جی سی بورڈ آف ڈائریکٹرز، اور این جی سی کی مختلف شعبہ جات کی مشترکہ کوششوں سے یہ منصوبہ مکمل ہوا۔
این جی سی کے منیجنگ ڈائریکٹر انجینئر محمد شاہد نذیر نے پراجیکٹ ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی پاکستان کے پاور ٹرانسمیشن نیٹ ورک کی استعداد بڑھانے کے عزم کا مظہر ہے اور بجلی کی مسلسل ترسیل کو یقینی بنائے گی۔