لاہور، اسلام آباد: محکمۂ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں آج سے 5 اگست تک مون سون بارشوں کے نئے اور طاقتور سلسلے کی پیش گوئی کی ہے۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق مون سون ہوائیں آج سے بالائی اور وسطی علاقوں میں داخل ہوں گی، جس کے باعث پنجاب، خیبر پختونخوا، اسلام آباد، کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، جبکہ بعض مقامات پر موسلا دھار بارش بھی متوقع ہے۔
محکمۂ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ شدید بارشوں کے باعث شہری علاقوں کے نشیبی مقامات پر اربن فلڈنگ، مقامی ندی نالوں میں طغیانی اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ موجود ہے۔ متعلقہ اداروں کو پیشگی حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ شہریوں سے بھی محتاط رہنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔