پشاور: قومی پیغامِ امن کمیٹی کے وفد نے علامہ طاہر محمود اشرفی کی قیادت میں پشاور کے سینٹ جانز چرچ کا دورہ کیا، جہاں مسیحی برادری کے نمائندوں سے ملاقات کی اور ملک میں امن، رواداری اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ پر گفتگو کی۔
اس موقع پر حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ قومی پیغامِ امن کمیٹی کا مقصد معاشرے سے نفرتوں کا خاتمہ اور بھائی چارے، برداشت اور باہمی احترام کو فروغ دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام جبر کا قائل نہیں، کسی بھی شخص پر اپنی مرضی مسلط نہیں کی جا سکتی۔
مفتی عبدالرحیم نے کہا کہ پاکستان میں تمام شہریوں کو آئین کے مطابق مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ نفرت اور فرقہ واریت کے خاتمے کے لیے علماء کرام کو متحد ہو کر اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
وفد کے ارکان نے کہا کہ ملک میں امن کے قیام اور مختلف مذاہب کے درمیان ہم آہنگی کے فروغ کے لیے مشترکہ کوششیں وقت کی اہم ضرورت ہیں۔