کراچی: پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے کراچی کی خراب شہری صورتحال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کے سب سے بڑے شہر کی حالت دیکھ کر انہیں مایوسی اور شرمندگی محسوس ہوتی ہے۔
ایک حالیہ انٹرویو میں گفتگو کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے کہا کہ وہ طویل عرصےکے بعد کراچی آئے تھے اور انہیں امید تھی کہ شہر میں نمایاں ترقی اور بنیادی ڈھانچے میں بہتری دیکھنے کو ملے گی، تاہم صورتحال توقعات کے برعکس تھی۔
انہوں نے کہا کہ کورنگی کے دورے کے دوران انہیں شہر کے حالات نے پریشان کیا۔ ان کے بقول کراچی ملکی معیشت میں اہم کردار ادا کرتا ہے، اربوں روپے کا کاروبار ہوتا ہے اور لاکھوں افراد کا روزگار اس شہر سے وابستہ ہے، اس کے باوجود اس کی حالت قابلِ افسوس ہے۔
سابق کپتان نے مزید کہا کہ کورنگی، سائٹ ایریا اور یونیورسٹی روڈ سمیت کئی علاقے برسوں سے تعمیراتی کاموں اور ٹوٹی پھوٹی سڑکوں کا شکار ہیں۔ انہوں نے متعلقہ اداروں پر زور دیا کہ شہر کے بنیادی مسائل کے حل اور ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔
شاہد آفریدی نے امید ظاہر کی کہ اگر سنجیدہ توجہ دی جائے تو کراچی ایک بار پھر اپنی خوبصورتی اور اہمیت بحال کر سکتا ہے۔