اسلام آباد: نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور مصر کے وزیر خارجہ بدر عبدالعاطی کے درمیان ٹیلیفون پر رابطہ ہوا، جس میں غزہ اور مقبوضہ مغربی کنارے کی تازہ صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں وزرائے خارجہ نے غزہ اور مقبوضہ مغربی کنارے میں جاری اسرائیلی فوجی کارروائیوں، آبادکاروں کے بڑھتے ہوئے تشدد اور مسجد اقصیٰ کی مبینہ بے حرمتی کے واقعات پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ان اقدامات کی سخت مذمت کی۔
گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں نے غزہ میں انسانی بحران پر بھی تشویش ظاہر کی اور شہریوں کے تحفظ، فوری جنگ بندی، انسانی امداد کی بلا تعطل فراہمی اور بین الاقوامی قوانین کی پاسداری کی ضرورت پر زور دیا۔ اس موقع پر پاکستان اور مصر نے فلسطینی عوام کی حمایت جاری رکھنے اور خطے میں امن و استحکام کے لیے مشترکہ سفارتی کوششوں کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔