اسلام آباد: وزارت داخلہ نے پاکستان میں بغیر ویزہ مقیم افغان شہریوں کے خلاف کارروائی مزید سخت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزارت داخلہ کے مطابق 10 جولائی سے ملک میں غیر قانونی طور پر رہائش پذیر افغان شہریوں کو گرفتار کرنے کے احکامات جاری کر دیے گئے ہیں۔ اس حوالے سے تمام صوبائی حکومتوں، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور اسلام آباد انتظامیہ کو ضروری ہدایات بھجوا دی گئی ہیں۔
حکام کے مطابق غیر قانونی طور پر مقیم افغان شہریوں کی گرفتاری اور ملک بدری کے عمل کو مزید تیز کیا جائے گا۔ متعلقہ اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ کارروائیوں کی روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ وزارت داخلہ کو ارسال کی جائے۔
وزارت داخلہ نے واضح کیا ہے کہ ملک میں غیر قانونی قیام کرنے والے غیر ملکی شہریوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی جاری رکھی جائے گی۔