Get Alerts

مشرقِ وسطیٰ میں امن مشن؛ اسلام آباد عالمی سفارت کاری کا مرکز بن گیا

مشرقِ وسطیٰ میں امن مشن؛ اسلام آباد عالمی سفارت کاری کا مرکز بن گیا

اسلام آباد: مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کو کم کرنے اور خطے میں پائیدار امن کی بحالی کے لیے پاکستان نے قیادت سنبھال لی۔ آج وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پاکستان، سعودی عرب، ترکیہ اور مصر کے وزرائے خارجہ کا ایک انتہائی اہم اور ٹرائیکا پلس اجلاس منعقد ہو رہا ہے۔
    پاکستان کی میزبانی: وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی دعوت پر چاروں ممالک کے وزراء سر جوڑ کر بیٹھیں گے۔ مصر اور ترکیہ کے وزرائے خارجہ اسلام آباد پہنچ چکے ہیں، جہاں دفترِ خارجہ کے حکام نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان بھی کچھ ہی دیر میں پہنچنے والے ہیں۔ اجلاس کا بنیادی محور مشرقِ وسطیٰ کی حالیہ صورتحال، غزہ میں جنگ بندی، اور ایران و امریکہ کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کو روکنے کے لیے ایک مشترکہ روڈ میپ تیار کرنا ہے۔
سفارتی ذرائع کے مطابق، عالمی برادری کی نظریں اس وقت اسلام آباد پر جمی ہوئی ہیں۔ پاکستان نہ صرف ان چار اہم اسلامی ممالک کو ایک میز پر لانے میں کامیاب ہوا ہے، بلکہ وہ اس وقت مشرق اور مغرب کے درمیان ایک مضبوط پل کا کردار ادا کر رہا ہے۔ توقع کی جا رہی ہے کہ اس اجلاس کے بعد ایک "اعلامیہ اسلام آباد" جاری کیا جائے گا جو خطے میں جاری بحران کے حل کے لیے سنگِ میل ثابت ہو سکتا ہے۔

ٹیگز: