اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنا ان کی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
اپنے بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ گزشتہ ہفتے بھی عوام کو ریلیف دیا گیا تھا اور پیٹرول و ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کی گئی تھی۔
شہباز شریف کے مطابق وفاقی حکومت سخت معاشی حالات کے باوجود عوام کو سہولت دینے کے اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے، جبکہ پبلک ٹرانسپورٹ، گڈز ٹرانسپورٹ، موٹر سائیکل اور رکشہ استعمال کرنے والوں کے لیے ایندھن پر سبسڈی بھی فراہم کی جا رہی ہے۔
ادھر حکومت نے ایک بار پھر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کا اعلان کیا ہے۔ وزیراعظم ہاؤس کے اعلامیے کے مطابق پیٹرول اور ڈیزل دونوں کی قیمتوں میں 22، 22 روپے فی لیٹر کمی کی گئی ہے۔
کمی کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 381 روپے 78 پیسے جبکہ ڈیزل کی قیمت 380 روپے 78 پیسے مقرر کی گئی ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ نئی قیمتوں کا اطلاق رات 12 بجے کے بعد سے ہوگا۔