وزیر اعظم کو لندن سےپاکستان لانے پر تقریباً 3 کروڑ روپے خرچ

وزیر اعظم کو لندن سےپاکستان لانے پر تقریباً 3 کروڑ روپے خرچ

اسلام آباد: قومی اسمبلی وقفہ سوالات کے دوران  آگاہ کیا گیا کہ وزیر اعظم میاں نواز شریف کو لندن سے علاج کے بعد وطن واپس لانے کے لیے وی وی آئی پی پرواز پر 2 کروڑ 97 لاکھ 65 ہزار روپے خرچ کردیے گئے۔

وزیر اعظم نواز شریف 9 جولائی 2016 کو لندن سے وطن واپس آئے تھے اور اس سے قبل وہ تقریباً ڈیڑھ ماہ تک علاج کی غرض سے لندن میں ہی مقیم رہے تھے۔

31 مئی کو ان کی اوپن ہارٹ سرجری ہوئی تھی جس کے بعد وہ قومی ایئرلائن کے خصوصی طیارے سے لندن سے لاہور واپس آئے تھے۔

سوال جواب کے سیشن کے دوران وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد نے ایوی ایشن ڈویژن کے وزیر کی جگہ بات کرتے ہوئے ایوان کو بتایا کہ اس وی وی آئی پی پرواز پر 2 کروڑ 97 لاکھ 65 ہزار روپے کے اخراجات آئے جس کے ذریعے وزیر اعظم کو لندن سے لاہور لایا گیا۔